راولپنڈی چیمبر آف کامرس کاشرح سود سنگل ڈیجٹ تک لانے کا مطالبہ

امپورٹ بل کم کرنے کے مثبت حکومتی اقدامات کے خاطر خواہ نتائج تاحال سامنے نہیں آسکے

ہفتہ 15 فروری 2020 16:54

راولپنڈی چیمبر آف کامرس کاشرح سود سنگل ڈیجٹ تک لانے کا مطالبہ
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 فروری2020ء) راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ملکی برآمدات میں کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے پیداواری لاگت میں کمی لانے کا مطالبہ کردیا ۔راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر صبور ملک نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ شرح سود کو سنگل ڈیجٹ تک لایا جائے، پٹرولیم مصنوعات میں کمی کی جائے، ایکسپورٹرز کے ری فنڈزکا جلد اجراء کیا جائے ،نئی منڈیوں کی تلاش کے ساتھ ساتھ غیر روایتی شعبوں میں سرمایاکاری بڑھانے کے لیے سہولتیں فراہم کی جائیں ۔

ترجمان نے اے پی پی کو بتایاکہ ایک بیان میں صدر چیمبر صبور ملک نے کہا کہ پاکستان ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ دو ماہ میںایکسپورٹس میں تین فیصد سے زائد کمی آئی جبکہ جولائی 2019سے جنوری 2020تک یہ کمی دو فیصد رہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امپورٹ بل کم کرنے کے لیے حکومت نے ریگولیٹری ڈیوٹی میں اضافہ کیا اور روپے کی قدرمیں کمی کی تاہم ان اقدامات کے خاطر خواہ نتائج ابھی تک سامنے نہیں آسکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں گزشتہ چند برسوں میں پڑوسی ممالک کے مقابلے میں کاروباری لاگت میں اضافہ ہوا ہے جس سے درآمدات میں اضافہ ہو تا چلا گیا۔ سرمایاکاری واپس لانے کے لیے ہنگامی اقدامات کرنا ہوں گے ،ہمیں مقامی صنعت کی بحالی، اور چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کے لیے مراعات دینا ہوں گی ، قیمتی پتھر، زیورات، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور خدمات جیسے غیر روایتی شعبوں کو ترقی دینا ہو گی ۔

اس کے ساتھ ساتھ ہمیں نئی منڈیاں بھی تلاش کرنا ہوں گی ، وسطی ایشیائی ملکوں میں پاکستانی مصنوعات کی مانگ بڑھ رہی ہے ہمیں یہاں فضائی اور زمینی راستوں کی بحالی، براہ راست پروازوں کے آغاز، بہترین ریلوے نیٹ ورک اور سڑکیں بنانا ہو ں گی تاجکستان، ازبکستان، کرغزستان، ترکمانستان اور قزاقستان کے ساتھ دو طرفہ حجم بہت کم ہے ہمیں ان ملکوں میں تعینات کمرشل اتاشیوں کو فعال بنانا ہو گا۔