فضل الرحمان نے جس طرح کی باتیں کی ہیں آرٹیکل 6لگ سکتا ہے، ویسے ہی نقص امن کے تحت دھر لینا چاہیے‘ شیخ رشید

دھرنے کی سوچ کے ساتھ اسلام آباد آئے تو دھر لئے جائیں گے اور سرکاری مہمان ہونگے،اب پہلے جیسا برتائو نہیں ہوگا ،میری سکیورٹی اداروں سے ملاقات ہوتی رہتی ہے ،آٹے ،چینی بحران پرکسی رپورٹ میں جہانگیر ترین اور خسرو بختیار کا نام نہیں ،وفاقی وزیر ریلوے کاپریس کانفرنس سے خطاب

ہفتہ 15 فروری 2020 17:02

فضل الرحمان نے جس طرح کی باتیں کی ہیں آرٹیکل 6لگ سکتا ہے، ویسے ہی نقص ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 فروری2020ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے جس طرح کی باتیں کی ہیں ان پر آرٹیکل 6لگ سکتا ہے لیکن میں اس کا حامی نہیں ہوں ، اگر فضل الرحمان دھرنے کی سوچ کے ساتھ اسلام آباد آئے تو دھر لئے جائیں گے اور سرکاری مہمان ہوں گے،میری سکیورٹی اداروں کے ساتھ براہ راست میٹنگ ہوئی ہے ، شادیوں اور کھانوں پر ملاقاتیںہوتی رہتی ہیں آٹے اور چینی کے بحران کے حوالے سے کسی رپورٹ میں جہانگیر ترین اور خسرو بختیار کا نام نہیں ، نواز شریف واپس نہیں آرہے تاہم شہباز شریف مارچ کے آخر میں واپس آسکتے ہیں، مہنگائی ہماری سب سے بڑی دشمن ہے ،مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کوئی تحریک نہیں چلائیں گی ،عمران خان کی حکومت پانچ سال کی مدت پوری کرے گی، ایم ایل ون کا پلان 28فروری سے قبل وزارت منصوبہ بندی کو بھجوا دینگے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریلوے ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کے نرخ بڑھنے کی وجہ سے ریلوے پر بھی اضافی بوجھ پڑا ہے اور یہ ہماری کارکردگی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ، ایندھن کا بجٹ 17سے 20ارب ہو گیا ہے جبکہ بجلی کی قیمت بھی دو گنا ہو گئی ہے ۔ ہمارا وعدہ ہے کہ پانچ سال میں ریلوے کا خسارہ مکمل ختم ہو جائے گا ، سپریم کورٹ نے کراچی میں ریلوے کی اراضی فروخت کرنے کی تجویز دی ہے ، اگر ایک بھی عمارت فروخت ہو گی تو ریلوے کا خسارہ اسی سال ختم ہو جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں ریلوے کے بزنس پلان کے حوالے سے جامع رپورٹ جمع کرائی ہے اور سپریم کورٹ نے ہماری کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے ۔ کراچی سرکلر ریلوے کی اراضی حاصل کرنے میںبڑی رکاوٹیں ہیں ، وہاں پر ریلوے کی 140،140فٹ جگہ ہے لیکن ہم 50،50فٹ لے رہے ہیں، سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق تجاوزارت ختم کرانا حکومت کی ذمہ داری ہے ، اگر کوئی یہ کہہ رہا ہے کہ تجاوزارت کے خلاف آپریشن کے دوران وہاں لیٹ جائیں گے تو لیٹ جائیں مجھے کیا ہے ، یہ رینجرز اور پولیس کا کام ہے کہ وہ تجاوزارت ختم کرائے ۔

انہوں نے اپنے حلقے میں ریلوے کی اراضی پر قبضے کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ میر ے حلقے میں ایک انچ یا ایک مرلے پر بھی قبضہ نہیں ہے ۔ ایم ایل ون پانچ سے آٹھ سال کا منصوبہ ہے لیکن سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ اسے دو سال میں مکمل کریں ، میں چائنیز سے کہوں گا کہ وہ جنوں کی طرح کا کام کریں جہاں ایک لاکھ مزدوروں کی ضرورت ہے وہاں پر دو لاکھ کو لگایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی ہماری سب سے بڑی دشمن ہے ، کابینہ کے اجلاس اور علیحدہ ملاقاتوں میں بھی وزیر اعظم کو بجلی اور گیس کی قیمت کے حوالے گزارشات کرتے ہیں ، یہ طے ہے کہ بجلی کی قیمتیں بڑھانے کے حوالے سے آئی ایم ایف کی بات نہیں مانی جائے گی ۔ انہوںنے کہا کہ ترکی کے ساتھ 13مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے ہیں جن میں سب سے اہم ریلوے سے متعلقہ ہے ، اس کے ذریعے ہم ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی کی طر ف جارہے ہیں جو ریلوے میں ایک انقلاب ہوگا ، ان کے ساتھ مل کر بوگیاں بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 24فروری کو لاہور اور گوجرانوالہ کے درمیان شٹل سروس کا افتتاح ہوگا اور اس کے لئے کرائے کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ مارچ میں آنا چاہتے ہیںوہ شوق سے آئیںلیکن اس بار انہیں وہ سہولت نہیں ملے گی جو ان سے پہلے برتائو کیا گیا ۔ ملک میں آج سالمیت کے معاملات ہیں ، چین میں کرونا وائرس کی وجہ سے تجارت پر بڑا فرق آیا ہے ، ہماری پاور لومز کیلئے جو مال چین سے آتا تھا اس میںکمی آئی ہے ، پہلے ہر روز 8ہزار کنٹینرز آرہے تھے لیکن اب بیجنگ، شنگھائی اور دیگر مقامات سے کنٹینر لوڈ نہیں ہو رہے ۔

پاکستان کے تمام ادارے حکومت کے ساتھ مل کر معیشت کو آگے لے جانا چاہتے ہیں ، ایک انسان کے بس میں جو ہوتا ہے عمران خان اتنی محنت کر رہے ہیں ، ماضی میں لوٹ مار کا جو بازار گرم رہا اس کی وجہ سے ہمیں سنبھلتے سنبھلتے وقت لگا ہے ۔انہوں نے مولانا فضل الرحمان پر آرٹیکل 6کے اطلاق کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے جس طرح کی باتیں کی ہیں ان پر آرٹیکل 6لگ سکتا ہے لیکن میں اس کا حامی نہیں ہوں ، انہیں ویسے ہی نقص امن کے تحت دھر لینا چاہیے کیونکہ عمر کے اس حصے میں ان پر آرٹیکل 6نہیں لگنا چاہیے ۔

اگر وہ دھرنے کی سوچ لے کر اسلام آباد آئے تو دھر لئے جائیں گے اور سرکاری مہمان ہوں گے۔ انہوں نے حساس اداروں کی طرف سے آٹے اور چینی کے بحران کے حوالے سے رپورٹ میں جہانگیر ترین اور خسرو بختیار کا نام دینے کے حوالے سے کہا کہ کسی رپورٹ میں جہانگیر ترین اور خسرو بختیار کا نام نہیں ہے ، میری سکیورٹی اداروں سے رات براہ راست میٹنگ ہوئی ہے ، شادیوں اور کھانوں میں ملاقاتیںہوتی رہتی ہیں ۔

سکیورٹی ادارے عمران خان کے ساتھ ہیں ، فائلیں دفتروں میں ادھر سے اُ دھر آتی جاتی رہتی ہیں۔ انہوں نے شہباز شریف کی واپسی کے حوالے سے کہا کہ وہ مارچ کے آخری ہفتے میں آ سکتے ہیں لیکن میں نے انہیں پیغام دیا ہے وہاں رہو نئے ہیٹ خریدو ۔ اطلاع ہے کہ نواز شریف نہیں آرہے اور مریم نواز نہیںجارہی ہیں ، شہباز شریف آئے تو میری پارٹی کے ہیں گڈی گڈی جمعہ جنج کے ساتھ کھیلیں ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت کو پانچ سال پورے کرتے ہوئے دیکھ رہا ہوں ، اپوزیشن اکٹھی ہو نہیں سکتی وہ اپنے کیسز کو بہتر کرنا چاہتے ہیں ، دونوں جماعتیں حکومت کے ساتھ مل کر نیب آرڈیننس بنا رہی ہیں، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کوئی تحریک نہیں چلائیں گی ۔