منشیات برآمدگی کیس، عدالت نے رانا ثناء اللہ کی گاڑی واپس کرنے کی استدعا مسترد کر دی‘گاڑی اے این ایف کے پاس رہے گی،فیصلہ

ہفتہ 15 فروری 2020 17:06

منشیات برآمدگی کیس، عدالت نے رانا ثناء اللہ کی گاڑی واپس کرنے کی استدعا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 فروری2020ء) انسداد منشیات لاہورکی خصوصی عدالت نے مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کی گاڑی کی سپرداری کی درخواست پر تحریری حکم جاری کردیا۔

(جاری ہے)

انسداد منشیات عدالت کے جج شاکر حسن نے دو صفحات پر مشتمل تحریری حکم جاری کیا،تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پراسکیوشن کا الزام ہے کہ گاڑی سے پندرہ کلو ہیروئن برآمد ہوئی، اے این ایف کے قانون کے مطابق گاڑی ملزم کو فراہم نہیں کی جا سکتی،پراسکیوشن کا الزام ہے کہ ملزم گاڑی میں ہیروئن رکھ کر سفر کررہا تھا،رانا ثناء اللہ کی گاڑی مال مقدمے کے طور پر اے این ایف کے پاس موجود رہے گی،شہادتوں کا عمل مکمل ہونے کے بعد گاڑی رانا ثناء اللہ کے سپرد کردی جائے گی، عدالت نے رانا ثناء اللہ کو گاڑی سپرد کرنے کی استدعا مسترد کر دی،سابق وزیر قانون پنجاب نے اپنی گرفتاری کے وقت اے این ایف کی جانب سے قبضے میں لی گئی گاڑی کی واپسی کے لئے عدالت سے رجوع کیا تھا،تاہم عدالت نی رانا ثنااللہ کی درخواست مسترد کر دی تھی۔