خیبر پختون خوا میں مزید پولیو کے چار اور بلوچستان میں ایک کیس سامنے آگیا

ہفتہ 15 فروری 2020 17:17

خیبر پختون خوا میں مزید پولیو کے چار اور بلوچستان میں ایک کیس سامنے ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 فروری2020ء) ملک میں پولیو کی بیماری کا سب سے زیادہ شکار صوبے خیبر پختونخوا میں مزید پولیو کے مزید 4 اور بلوچستان میں ایک اور کیس سامنے آگیا۔واضح رہے کہ وائلڈ پولیو وائرس-1 کے مزید 5 کیسز کی تصدیق ہونے کے بعد سال 2020 میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 17 تک پہنچ چکی ہے۔خیبرپختونخوا کے ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق خیبرپختونخوا کے چاروں پولیو کیسز ایک ہی ضلع لکی مروت سے تعلق رکھتے ہیں۔

ان میں تحصیل بٹانی کی یونین کونسل (یو سی) غنڈی حسن خیل میں 12 ماہ کا بچہ، اسی تحصیل کی یو سی کوٹکا عرب خان میں 18 ماہ کی بچی، تحصیل نورنگ کی یو سی بخمل احمد زئی میں 17 ماہ کے بچے اور یونین کونسل ابا خیل میں 11 ماہ کی بچی پولیو کا شکار بن کر معذور ہوگئی۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق نئے کیسز میں ایک پولیو کیس بلوچستان کے ضلع پشین کی تحصیل پشین میں سامنے ا?یا جہاں 7 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی۔

یہ بات مدِ نظر رہے کہ کراچی میں پی ایس ایل میچز کے سبب 10 فروری کو پولیو مہم کا آغاز کردیا گیا تھا جبکہ ملک بھر میں 17 فروری سے 5 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگا۔خیال رہے کہ سال 2020 میں پولیو سے متاثر ہونے والے 17 بچوں میں سے 10 کا تعلق خیبرپختونخوا 5 کا سندھ اور 2 کا بلوچستان سے ہے، خوش قسمتی سے اس سال اب تک پنجاب میں پولیو کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔