مولانا فضل الرحمن اس مرتبہ دھرنے کی سوچ لے کر اسلام آباد آئے تو دھر لئے جائیں گے ،ْ

پی پی پی اور (ن )لیگ حکومت کے خلاف تحریک نہیں چلائیں گے ،ْ اس وقت ان کا مطالبہ صرف مریم نواز کو لندن بھجوانے کا ہے،وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا پریس کانفرنس سے خطاب

ہفتہ 15 فروری 2020 17:21

مولانا فضل الرحمن اس مرتبہ دھرنے کی سوچ لے کر اسلام آباد آئے تو دھر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 فروری2020ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن اس مرتبہ دھرنے کی سوچ لے کر اسلام آباد آئے تو دھر لئے جائیں گے ،ْ پاکستان پیپلز پارٹی اور (ن )لیگ حکومت کے خلاف تحریک نہیں چلائیں گے ،ْتاہم ان کی خاموشی زیادہ خطرناک ہو سکتی ہے کیونکہ اس دوران وہ رعائتیں اور گنجائش دھونڈتے ہیں ،ْ اس وقت ان کا مطالبہ صرف مریم نواز کو لندن بھجوانے کا ہے ،ْ انہوں نے یہ کبھی نہیں کہا کہ مہنگائی پر قابو پایا جائے ،ْوزیراعظم عمران خان کہیں نہیں جا رہے وہ اپنی پانچ سالہ آئینی مدت پوری کریں گے ،ْ مولانا فضل الرحمن پر ان کی گفتگو کی وجہ سے آرٹیکل 6لگ سکتا ہے لیکن اس کا حامی نہیں ہوں انہیں نقص امن پر بھی دھرا جا سکتا ہے ،ْ سابق وزیراعظم نواز شریف وطن واپس نہیں آ رہے نہ مریم نواز لندن جا رہی ہیں البتہ شہباز شریف مارچ کے آخری ہفتے میں واپس آ سکتے ہیں،بجلی گیس کی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی کے مسائل پر وزیراعظم سے بات چیت چل رہی ہے ۔

(جاری ہے)

وہ ہفتہ کے روز ریلوے ہیڈکوارٹرز لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ ترک صدر رجب طیب اردگان کا پاکستان کا دورہ کامیاب رہا ،ْاس دوران ریلوے کے بھی اہم معاہدے ہوئے جن کے تحت ریلوے کو ٹیکنالوجی ٹرانسفر کی طرف لے جا رہے ہیں جو محکمے کیلئے انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ترکی میں معاہدوں کے تحت باہمی اشتراک کے ذریعے کوچز یہاں بنائی جائینگی۔

انہوںنے کہا کہ اس وقت مہنگائی ہماری سب سے بڑی دشمن ہے ،ْ بجلی گیس کی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی کے مسائل پر وزیراعظم سے بات چیت چل رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن اگر مارچ کے لئے لوگ لانا چاہتے ہیں تو شوق سے آئیں لیکن اس دفع انہیں وہ سہولت نہیں ملے گی جو پہلے ملی،موجودہ صورتحال میں جب کرونا وائرس کے باعث پاکستان کی انڈسٹری بھی متاثر ہو رہی ہے اور اس کا ریلوے پر بھی اثر پڑا ہے،ریلوے کے جو پہلے 8ہزار کنٹینرز لوڈ ہو رہے تھے وہ اب کم ہو گئے ہیں لیکن ہم اپنا ہدف حاصل کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت تمام ریاستی اداروں کو ساتھ لے کر معیشت کو آگے لے کر جانا چاہتی ہے جس کیلئے وزیراعظم عمران خان بھی بہت محنت کر رہے ہیں لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ ماضی میں لوٹ مار کا جو بازار گرم کیا گیا اس سے سنبھلنے میں وقت لگا۔انہوں نے کہا کہ کے سی آر کے حوالے سے سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد ہم سب کا کام ہے ۔ریلوے کی اراضی سے 50 فٹ لوگ پیچھے ہو جائیں تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں تاہم اس سلسلہ میں وزیراعلی سندھ سے ملاقات کر کے مسئلہ کا حل نکالیں گے۔

بلاول بھٹو کی متوقع گرفتاری کے حوالے سے سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ ابھی ان کے کھیلنے کے دن ہیں ،ْ میری سابق صدر آصف علی زرداری سے دو مرتبہ ملاقات ہوئی جس میں مشورہ دیا کہ آصفہ بھٹو سیاست کے لئے بہتر چوائس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نہیں چاہتا کہ بلاول بھٹو جیل جائیں۔ایک سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ پہلی مرتبہ ریلوے کا بزنس پلان سپریم کورٹ میں جمع کروا دیا گیا ہے اور اس مرتبہ عدالت کی طرف سے ریلوے کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہارکیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ ایم ایل ون کی تاریخوں کا اعلان ہو چکا ہے جبکہ 28فروری سے پہلے ایم این ون کی فزیبلٹی اور ماسٹر پلان جمع ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے میں سیفٹی کیلئے چیف آپریٹنگ سپرنٹنڈنٹ تعینات کیا گیا ہے جبکہ ریلوے کا خسارہ دور کرنے کے لئے عدالت نے کراچی کی جائیدادیں فروخت کرنے کی اجازت دی ہے، اگر اس میں کامیاب ہو گئے تو ریلوے کا خسارہ اسی سال ختم ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ تیل اور بجلی کی قیمتوں کا بوجھ ریلوے کو متاثر کر رہا ہے لیکن پھر بھی ہم عوام کومایوس نہیں کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ 24فروری کو لاہور سے گوجرانوالہ شٹل ٹرین کا افتتاح کروں گا ۔ایک سوال پر کہ چوہدری نثارکی نواز شریف سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے تمام خبریں بے بنیاد ہیں۔