Live Updates

ترک صدر رجب طیب اردگان کا دورہ پاکستان تاریخی اور کامیاب ترین رہا،

دوطرفہ تعلقات کی تاریخ میں اہم باب کا اضافہ اور مسلم امہ کے مستقبل کیلئے نہایت دوررس نتائج کا حامل ہے،پاکستان تحریک انصاف

ہفتہ 15 فروری 2020 17:51

ترک صدر رجب طیب اردگان کا دورہ پاکستان تاریخی اور کامیاب ترین رہا،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 فروری2020ء) پاکستان تحریک انصاف نے ترک صدر رجب طیب اردگان کے دو روزہ دورہ پاکستان کو تاریخی اور کامیاب قرار دیتے ہوئے اسے دوطرفہ تعلقات کی تاریخ میں اہم باب کے اضافے اور مسلم امہ کے مستقبل کیلئے نہایت دوررس نتائج کا حامل قرار دیا ہے۔ پی ٹی آئی کے مرکزی نائب صدر و منتظم مرکزی سیکرٹریٹ زاہد حسین کاظمی کا کہنا ہے کہ ترکی کے صدر رجب طیب اردگان کی تشریف آوری اور پارلیمان کے مشترکہ اجلاس سے انکا خطاب پاکستان کی مؤثر خارجہ پالیسی اور عالمی سیاست میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے رسوخ کی علامتیں ہے جن سے امید و مسرت کی اہم لہر نے جنم لیا ہے۔

پاکستان اور ترکی اسلامی دنیا کے اہم ممالک میں سرفہرست ہیں جن کی قربت کشمیر اور فلسطین سمیت زیر استبداد مسلم آبادی کیلئے امید کا پیغام دے رہی ہے۔

(جاری ہے)

ترک صدر کا بھرپور خیرمقدم کرنے اور دونوں ممالک کے مابین اشتراک عمل کو نئی جہتوں سے روشناس کروانے پر وزیراعظم کی قیادت میں وفاقی حکومت مبارکباد کی مستحق ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد سے جاری اپنے خصوصی پیغام میں کیا۔

مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے اعلامیے کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر و منتظم مرکزی سیکرٹریٹ زاہد حسین کاظمی کا کہنا تھا کہ ترک صدر کا شمار اسلامی دنیا کے ان معتبر رہنماؤں میں ہوتا ہے جن کا ہم بحیثیت قوم احترام کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پارلیمان سے اپنے تاریخی خطاب میں ترک صدر نے دونوں قوموں کے مابین انس و احترام پر مبنی تعلقات کی تاریخ کو ہی یاد نہیں کیا بلکہ دوطرفہ تعاون کو نئی جہتوں سے آشنا کروانے کے حوالے سے اپنا غیر معمولی وژن بھی پیش کیا جسے نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیر و فلسطین پر ترک صدر کا مؤقف زیر استبداد مسلمانوں کیلئے امید کا پیغام ہے۔ ان کے مطابق پاکستان اور ترکی کے مابین قربت عالمی امن کیلئے بھی نہایت مثبت اثرات کی نوید ہے جس سے تاریخی تنازعات کے حل کی راہ ہی ہموار نہیں ہوگی بلکہ اسلامی دنیا کی تعمیر و ترقی کے دروازے کھلیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے معاملے پر ترک صدر کی پاکستان کی بھرپور معاونت دوطرفہ اعتماد و محبت کی علامت ہے جس پر رجب طیب اردوان کے مشکور ہیں۔

اپنے بیان میں کامیاب سفارتکاری کو تحریک انصاف کی حکومت کا طرہ امتیاز قرار دیتے ہوئے زاہد حسین کاظمی نے کہا کہ پاکستان تنہائی سے نکل کر عالمی سیاست کے مرکز پر ابھر رہا ہے اور اقوام عالم کے مابین منافرت مٹانے اور امن کی راہ ہموار کرنے کیلئے مؤثر کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے مابین تجارت کے فروغ سے معاشی چیلنجز سے نمٹنے میں مدد ملے گی اور خوشحالی کے امکانات دوچند ہوں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات