پیپلزپارٹی کی حکومت ہونے کے باوجود میری بیوی کوقتل کردیا گیا، حمید انصاری

4 روزقبل ایس ایس پی کو سکیورٹی کیلئے درخواست دی تھی، سکیورٹی دی جاتی تو قتل کی واردات نہ ہوتی،میری بیوی کو بیدردی سے قتل کیا گیا، قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے۔ مقتولہ شہناز انصاری کے شوہر کا ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 15 فروری 2020 19:06

پیپلزپارٹی کی حکومت ہونے کے باوجود میری بیوی کوقتل کردیا گیا، حمید ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15 فروری 2020ء) رکن سندھ اسمبلی مقتولہ شہناز انصاری کے شوہر حمید انصاری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی حکومت ہونے کے باوجود میری بیوی کوقتل کردیا گیا، چار روزقبل ایس ایس پی کو سکیورٹی کیلئے درخواست دی تھی، سکیورٹی دی جاتی تو قتل کی واردات نہ ہوتی،میری بیوی کو بیدردی سے قتل کیا گیا، قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے۔

انہوں نے اپنی بیوی رکن سندھ اسمبلی مقتولہ شہناز انصاری کے قتل پر اپنے ردعمل میں کہا کہ چار روز قبل ایس ایس پی سکیورٹی کو تحفظ دینے اور سکیورٹی دینے کیلئے درخواست دی تھی لیکن عمل نہیں کیا گیا، بتایا گیا ہے کہ رکن سندھ اسمبلی مقتولہ شہناز انصاری نے تحریری خط وزیراعلیٰ سندھ، اسپیکر سندھ اسمبلی ، اور سیشن جج نوشہروفیروز کوبھی ارسال کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

مقتولہ شہناز انصاری نے گزشتہ دنوں سکیورٹی کیلئے ایس ایس پی کوبھی خط بھی لکھا تھا۔دوسری جانب چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ اور سکیورٹی حکام کو طلب کرلیا، بلاول بھٹو نے کہا کہ بتایا جائے یہ قتل کاواقعہ کیسے پیش آیا؟ پیپلزپارٹی نے پارٹی رکن کے قتل پر تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے، بلاول بھٹو نے تین روزکیلئے سیاسی سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی ہے۔

واضح رہے رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا ہے۔ مسلح افراد نے شہناز انصاری پر فائرنگ کر دی۔ جس پر انہیں شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔ بتایا گیا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ زمین کے تنازع پر پیش آیا۔ تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ شہناز انصاری کے بہنوئی کا آج چہلم تھا، ان کے مرحوم بہنوئی زائد کے بھائیوں نے شہناز کو گاؤں آنے سے منع کیا تھا تاہم اس کے باوجود بھی وہ اپنے بہنوئی کے چہلم میں شرکت کرنے پہنچیں۔

ان کی چھوٹی بہن کے سسرالیوں کا جائیداد کا تنازع تھا۔ خاتون ایم پی اے کے بہنوئی کا اپنے بھائیوں کے ساتھ جائیداد پر تنازع چل رہا،آج اسی معاملے پر تلخ کلامی ہوئی جس کے بعد ایم پی اے پربہن کے دیور نے فائرنگ کر دی۔