Live Updates

وہ وقت جب نعیم الحق نے عمران خان کی خاطر لندن میں بینک کی ملازمت چھوڑ دی

نعیم الحق ملازمت چھوڑ کر عمران خان کے مالی معاملات کے نگران بن گئے تھے،لندن میں جائیداد و اکاؤنٹس کے معاملات دیکھتے تھے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 15 فروری 2020 22:24

وہ وقت جب نعیم الحق نے عمران خان کی خاطر لندن میں بینک کی ملازمت چھوڑ ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15 فروری 2020ء) پاکستان تحریک انصاف کے بانی رہنما نعیم الحق آج انتقال کر گئے،ان کی زندگی ، عمران خان سے دوستی اور ذاتی شخصیت کے کئی پہلو سامنے آئےہیں،بی بی سی کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نعیم الحق عمران خان کے انتہائی قریبی اور وفادار ساتھی تھے۔انہوں نے ایل ایل بی کی سند حاصل کرنے کے بعد کچھ عرصہ وکالت کی بعدازاں نیشنل بینک میں ملازمت اختیار کرلی۔

وہ نیشنل بینک کی نیویارک برانچ سے 1980 میں لندن منتقل ہوئے۔وہیں پر انکی کپتان سے دوستی ہوئی اور عمران خان سے دوستی کا ایک نہ ٹوٹنے والا سفر شروع ہوا۔اُس وقت عمران خان دنیائے کرکٹ کے ایک جانےمانے سٹار تھے۔عمران خان پاکستان کی قومی ٹیم کے علاوہ کاؤنٹی کرکٹ کھیلتے تھے اور پیسے کی خوب ریل تھی۔

(جاری ہے)

عمران خان اور نعیم الحق کی دوستی اتنی پکی ہو گئی کہ نعیم الحق نے لندن کے بینک سے بھی ملازمت چھوڑ دی اور عمران خان کے مالی معاملات کے نگران بن گئے۔

لندن میں عمران خان نے کہا ں کوئی جائیداد خریدنی ہے یا بینک میں ان کے اکاؤنٹس کے معاملات کیسے ہوں گے یہ سب نعیم الحق کے ہاتھ میں آ چکے تھے۔عمران خان اکثر اوقات لندن میں نعیم الحق سے ملنے ان کے گھر بھی جایا کرتے تھے۔مالی معاملات سے شروع ہونے والے یہ تعلقات دن بدن مضبوط ہوتے گئے۔یہاں تک کہ جب عمران خان نے 1996 میں سیاسی سفر کا آغاز کیا تو نعیم الحق اُن کے پیچھے کھڑے تھے۔

تحریک انصاف میں شمولیت کے بعد نعیم الحق کی زندگی بالکل بدل گئی اور ان کا زیادہ تر وقت سیاسی امور کی دیکھ بھال میں گزرتا تھا،وہ تحریک انصاف سندھ کے صدر بھی رہے ہے۔2008 میں کینسر کی وجہ سے ان کی اہلیہ کا انتقال ہوا تو پھر وہ کراچی چھوڑ کر اسلام آباد میں منتقل ہوگئے اور ان کا زیادہ تر وقت بنی گالہ اور تحریک انصاف کے دفاتر میں گزرتا تھا۔

2018 کے انتخابات کے بعد عمران خان وزیراعظم بنے تو نعیم الحق کو انکے سیاسی امور پر معاون خصوصی بنایا گیا اور یہ عہدہ آخری وقت تک نعیم الحق کے پاس رہا۔نعیم الحق کا شمار عمران خان کے پراعتماد ساتھیوں میں ہوتا تھا یہاں تک کہ سیاسی پیغام رسانی بھی نعیم الحق کے ذریعہ ہوتی تھی۔عمران خان سے دوستی کا یہ سفر آج تمام ہوا اور کپتان کا پرانے اور وفاشعار کھلاڑی آج کراچی میں انتقال کر گئے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات