پی سی بی کی فاش غلطی، سرفرازاحمد کی تصویرغائب

سرفراز احمد کو نظر انداز کرنے کا تاثر غلط ہے: پی سی بی ترجمان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 16 فروری 2020 14:19

پی سی بی کی فاش غلطی، سرفرازاحمد کی تصویرغائب
کراچی (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16فروری 2020ء ) کیا یہ محض اتفاق ہے یا پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کی فاش غلطی کہ نیشنل سٹیڈیم، کراچی میں ملکی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کی کئی تصاویر آویزاں ہیں لیکن پاکستان کو ٹی ٹونٹی میں نمبر ایک بنانے والے اور پی ایس ایل 4 کی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کی کوئی تصویر موجود نہیں ہے۔کوئٹہ کے آسٹریلوی شین واٹسن کی تصویر ضرور لگی ہوئی ہے، اس حوالے سے سوشل میڈیا پر پی سی بی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر سے بھی پریس کانفرنس میں اس بارے میں سوال کیا گیا لیکن انہوں نے جواب دینے سے گریز کیا۔دوسری جانب پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد کو نظر انداز کرنے کا تاثر غلط ہے،نیشنل سٹیڈیم میں بھی سرفراز احمد کی تصویر موجود ہے، ہوسکتا ہےکہ میڈیا نہ دیکھ سکا ہو۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام پاکستان سپر لیگ کا پانچواں ایڈیشن 20 فروری سے شروع ہوگا جس کے تمام میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے اور یہ پہلی مرتبہ ہوگا جب ایچ بی ایل پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان کی سرزمین پر کھیلے جائیں گے۔

2016ء سے شروع ہونے والی لیگ درجہ بدرجہ پاکستان منتقل ہوئی۔ لیگ کے پہلے ایڈیشن کے تمام میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے تاہم ایونٹ کے دوسرے ایڈیشن میں ٹورنامنٹ کو پاکستان لانے کا آغاز کیا گیا تھا۔ لیگ میں دنیا بھر کر نامور کھلاڑی ایکشن میں نظر آئینگے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکی ٹیم لیگ میں ٹائٹل کا دفاع کریگی۔ تفصیلات کے مطابق ایچ بی ایل پی ایش ایل کے پانچویں ایڈیشن کا آغاز 20 فروری سے ہوگا، پہلی مرتبہ لیگ کے تمام میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔

لیگ میں 6 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزما ہونگی جن کے درمیان 34 میچز مخلتف وینیو پر کھیلے جائیں گے، ابتدائی میچ 20 فروری کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا، لیگ میں شامل 6 ٹیموں جن میں اسلام آباد یونائیٹڈ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، کراچی کنگز، لاہور قلندرز، پشاور زلمی اور ملتان سلطانز شامل ہیں فائنل سمیت 34 میچز کھیلے جائیں گے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت شاداب خان کرینگے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کپتانی سرفراز احمد کرینگے، کراچی کنگز کی کمان عماد وسیم کو سونپی گئی ہے ، لاہور قلندرز سہیل اختر کی زیر قیادت میدان میں اترے گی، پشاور زلمی کی قیادت ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی ڈیرن سمی کرینگے جبکہ ملتان سلطانز ٹیم کی قیادت شان مسعود کرینگے۔ لیگ کے کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں عروج پر ہیں اور اپنے اختتامی مراحل میں داخل ہیں۔

لیگ کے 14 میچز لاہور، 9 کراچی، 8 راولپنڈی اور 3 ملتان میں کھیلے جائیں گے۔ لیگ کا فائنل میچ 22مارچ کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کا افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں اس سے قبل لیگ کے پہلے ایڈیشن کے افتتاحی میچ میں بھی مدمقابل آئی تھیں۔ لیگ میں دنیا بھر کے نامور کرکٹرز شرکت کررہے ہیں۔ امید کی جاری ہے کہ لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں بھی مداحوں کو سنسنی سے بھر پور میچز دیکھنے کو ملیں گے۔
پی سی بی کی فاش غلطی، سرفرازاحمد کی تصویرغائب