تحریک لبیک کے رہنما پی ٹی آئی میں شامل ہو گئے

عبدالرؤف ایڈوکیٹ تحریک لبیک کے سابق امیدوار برائے صوبائی اسمبلی تھے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 17 فروری 2020 11:11

تحریک لبیک کے رہنما پی ٹی آئی میں شامل ہو گئے
ملکوال (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 17 فروری 2020ء ) تحریک لبیک پاکستان کے رہنما عبدالرؤف گوندل نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی۔تفصیلات کے مطابق 2018ء کے انتخابات سے قبل تحریک انصاف نے کئی جماعتوں کی وکٹیں اڑائیں،کئی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے ہواؤں کا رُخ تبدیل ہوتا دیکھ کر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تاہم یہ سلسلہ ابھی بھی جا ری ہے۔

بتایا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے ضلعی صدر ذوالفقار گونل سے تحریک لبیک کے سابق امیدوار برائے صوبائی اسمبلی عبدالرؤف ایڈوکیٹ نے ملاقات کی بعدازاں انہوں نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی۔اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی گلریز افضل چن،سابق وفاقی وزیر نذر محمد گوندل،سابق صوبائی وزیر حاجی افضل چن اور سابق ایم پی اے وسیم افضل بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

جب کہ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے اہم رہنما لیاقت جتوئی کا پیپلز پارٹی میں شمولیت کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔اس حوالے سے میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ لیاقت جتوئی کو پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا گرین سگنل بھی مل گیا ہے۔لیاقت جتوئی کا کہنا ہے کہ مجھے پیپلز پارٹی میں شمولیت کی دعوت ملی ہے،ساتھیوں سے مشاورت کے بعد فیصکہ کروں گا۔

ذرائع کے مطابق لیاقت جتوئی کچھ اہم معاملات کو لے کر پاکستان تحریک انصاف کی قیادت سے ناراض ہیں۔اس سے قبل ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی مخالف کئی سیاسی شخصیات گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس سے بھی مایوس ہو گئی ہیں۔اسی بات کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما لیاقت جتوئی سے پیپلز پارٹی کی اہم شخصیات نے رابطے کیے تھے۔ سابق وزیراعلیٰ سندھ لیاقت جتوئی کو پارٹی میں شامل کرنے کے لیے پیپلز پارٹی کی اہم شخصیات بھی متحرک ہو گئی تھیں۔ جس کے لیے پیپلز پارٹی کے رہنما پیر مظہر الحق نے لیاقت جتوئی کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کے لیے ماحول سازگار بنان شروع کر دیاتھا۔