دُبئی : موبائل کا آسان پاس ورڈ رکھنے پر سعودی خاتون مشکل میں گھِر گئی

دو افراد نے موبائل چوری کرنے کے بعد آسانی سے ان لاک کیا اور اس کی نجی تصاویر شیئر کرنے کی دھمکی دی کر رقم کا تقاضا کر ڈالا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 17 فروری 2020 12:47

دُبئی : موبائل کا آسان پاس ورڈ رکھنے پر سعودی خاتون مشکل میں گھِر گئی
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17فروری 2020ء) دُبئی میں مقیم ایک سعودی خاتون کو اپنے موبائل فون کا آسان پاس ورڈ رکھنے کی سزا مِل گئی۔ بس میں سفر کے دوران دو نوجوانوں نے اُس کے بیگ سے موبائل چوری کیا اور پھر اُسے آسانی سے ان لاک کر کے خاتون کو بلیک میل کرنا شروع کر دیا۔ گلف نیوز کے مطابق چوروں نے جب موبائل فون چوری کیا تو انہیں اندازہ بھی نہیں تھا کہ وہ اتنی آسانی سے خاتون کا موبائل فون ان لاک کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

ملزمان نے جب خاتون کا فون ان لاک کیااور اس میں موجود ڈیٹا کھنگالنا شروع کیا تو یہ دیکھ کر ان کی باچھیں کھل گئی کہ اس ڈیٹا میں خاتون کی نجی نوعیت کی تصاویر بھی موجود تھیں۔ ان نوجوانوں نے خاتون سے رقم ہتھیانے کا پروگرام بنایا۔ ملزمان نے موبائل میں موجود خاتون کی سہیلی کے نمبر پر رابطہ کر کے اُسے کہا کہ اُن کے پاس اُس کی سہیلی کی ایسی نجی تصاویر ہیں، جنہیں اگر وہ وائرل کر دیں تو وہ خاتون کہیں منہ دکھانے کے لائق نہیں رہے گی۔

(جاری ہے)

ملزمان نے دھمکی دی کہ سعودی خاتون اُنہیں فوراً 2 ہزار درہم بھجوا دے ورنہ اُس کی تمام تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کر دی جائیں گی۔ تاہم خاتون نے بلیک میل ہونے کی بجائے پولیس کو اطلاع کر دی۔ پولیس نے ملزمان کو ٹریس کر کے انہیں گرفتار کر لیا۔ دونوں کا تعلق شام سے بتایا جا رہا ہے۔ نوجوانوں نے بتایا کہ انہوں نے ویسے ہی 1 سے 6 تک ہندسے درج کیے تو موبائل کا پاس ورڈ کھُل گیا جس کے بعد انہوں نے ڈیٹا تک رسائی کر کے خاتون کو بلیک میل کرنا شروع کیا۔

خاتون نے عدالت کو بتایا کہ جب وہ بس کا سفر کر کے اُتری اوربیگ چیک کیا تو اس میں موبائل فون نہیں تھا۔ بعد میں ملزمان نے اُس کی سہیلی کو فون کر کے کہا کہ فون اُن کے پاس ہے۔ ملزمان نے اُس کی تصاویر اور ویڈیوز بھی سہیلی کو بھجوائیں اور دھمکی دی کہ دو ہزار درہم نہ بھیجنے کی صورت میں تمام نجی ڈیٹا انٹرنیٹ پر شیئر کر دیا جائے گا۔