بلدیاتی انتخابات، ق لیگ نے مخالفین کی 2 وکٹیں اُڑا دیں

سمندری سے دو سابق ارکان پنجاب اسمبلی ق لیگ میں شامل ہو گئے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 17 فروری 2020 13:43

بلدیاتی انتخابات، ق لیگ نے مخالفین کی 2 وکٹیں اُڑا دیں
لاہور د(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-17فروری 2020ء) بلدیاتی الیکشن کے لیے جوڑتوڑ جاری ہے،ق لیگ نے اس جوڑ توڑ میں مخالفین کی وکٹیں اڑانا شروع کر دی ہیں۔سمندری سے دو سابق ارکان پنجاب اسمبلی ق لیگ میں شامل ہو گئے۔بتایا گیا ہے کہ سمندری سے چوہدری مظہر علی گِل اور عارف گِل نے اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ سے ملاقات کی۔دونوں ارکان بلدیاتی الیکشن ق لیگ کے پلیٹ فارم سے لڑیں گے۔

ملاقات میں ایم این اے مونس الہیٰ اور سینیٹر کامل علی آغا بھی موجود تھے۔چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا ہے کہ فیصل آباد میں پارٹی کو مضبوط اور فعال بنائیں۔تمام کارکنان کو ساتھ لے کر چلیں۔متحد ہو کر آئندہ بلدیاتی انتخابات میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں اپنے امیدواروں کو کامیاب کرایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ق نے پنجاب میں بلدیاتی نمائندوں کے ذریعے عوام کی خدمت کی۔

بلدیاتی نمائندوں نے جس طرح عوام کے مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کیا وہ اپنی مثال آپ ہے۔پنجاب کی بلدیاتی تاریخ کا سنہرا دور تھا جس میں ریکارڈ ترقیاتی اور عوامی فلاح و بہبود کے کام گئے۔اس سے قبل ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ مسلم لیگ ق اور پی ٹی آئی کے درمیان معاملات طے پاجانے کے بعد پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد یقینی ہوگیا ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ نئے بلدیاتی نظام میں چوہدری برادران چھوٹی موٹی ترمیم چاہتے ہیں اور دونوں جماعتوں کے درمیان چوہدری برادران کی تجاویز کو مان لیا گیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ اسی ماہ میں چوہدری برادران کی تجاویز کو بلدیاتی انتخابات کے قواعدو ضوابط میں شامل کر کے اسے پنجاب اسمبلی کے اجلاس سے منظور کرایا جائیگا اور ساتھ ہی الیکشن کمیشن آف پاکستان کو پنجاب میں نئے بلدیاتی نظام کے تحت انتخابات کروانے کا گرین سگنل دے دیا جائے گا۔

نئے بلدیاتی نظام میں یونین کونسل کو ختم کر کے ویلج اور نیبر ہڈ کونسل تشکیل دی گئی ہے اور اس حوالے سے پنجاب حکومت نے عملی اقدامات کرتے ہوئے ان کو فنکشنل بھی کردیا ہے۔مذکورہ دنوں کونسلوں کے الیکشن غیر جماعتی بنیادوں پر ہونگے جو کہ اپریل میں کروائے جانے کاامکان ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تحصیل کونسلوں، میونسپل کارپوریشن اور میونسپل کمیٹیوں کی نئی حلقہ بندی کرنی جس کیلئے انہیں دو ماہ کا عرصہ درکار ہوگا۔