ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو میں مداحوں کی توجہ کا محور نوجوان کرکٹرز

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم مہیا کرتی ہے۔ یہاں بہترین کارکردگی کے باعث نوجوان کرکٹرز کی قومی اسکواڈ میں شمولیت کی راہ ہموار ہوتی ہے

پیر 17 فروری 2020 13:51

ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو میں مداحوں کی توجہ کا محور نوجوان کرکٹرز
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 فروری2020ء) ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم مہیا کرتی ہے۔ یہاں بہترین کارکردگی کے باعث نوجوان کرکٹرز کی قومی اسکواڈ میں شمولیت کی راہ ہموار ہوتی ہے۔
اب تک ایچ بی ایل پی ایس ایل کے گذشتہ 4 ایڈیشنز نے حسن علی، شاداب خان، فخر زمان، حارث روٴف اور شاہین شاہ آفریدی کو قومی کرکٹ ٹیم میں جگہ دلوانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل سے شناخت حاصل کرنے والے یہ کھلاڑی اب دنیا بھر کی ٹی ٹونٹی لیگز میں بھی اپنا لوہا منواچکے ہیں۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے رواں سال بھی کئی کھلاڑیوں کو اپنی قابلیت دکھانے کا بہترین موقع فراہم کررہی ہے۔

(جاری ہے)

لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں شامل تمام 6 فرنچائزز میں چند ایسے باصلاحیت نوجوان کھلاڑی بھی موجود ہیں جو ایونٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔


اس فہرست میں کئی کھلاڑیوں کا انتخاب ایمرجنگ کٹیگری میں ہوا تاہم کچھ ایسے بھی ہیں جو پہلی مرتبہ لیگ میں حصہ لے رہے ہیں، اس کے باوجود ان کا انتخاب قدرے بہتر کٹیگری میں کیا گیا ہے۔
عاکف جاوید، اسلام آباد یونائیٹڈ (ایمرجنگ):
کوہاٹ سے تعلق رکھنے والے 19 سالہ عاکف جاوید ایچ بی ایل پی ایس ایل سے پہلے ہی قومی ٹی ٹونٹی کپ میں اپنی نپی تلی باوٴلنگ سے حریف کھلاڑیوں پر اپنی دھاک بٹھاچکے ہیں۔


عاکف جاوید نے گذشتہ سال اکتوبر میں اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے قومی ٹی ٹونٹی کپ میں بلوچستان کی نمائندگی کی تھی۔ بائیں ہاتھ کے فاسٹ باوٴلر نے ایونٹ کے 7 میچوں میں 9 وکٹیں حاصل کرکے بلوچستان کو فائنل میں پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ ایونٹ کا فائنل ناردرن اور بلوچستان کے درمیان کھیلا گیا جہاں ناردرن کی ٹیم فاتح ٹھہری۔


بلوچستان کی جانب سے عمدہ باوٴلنگ کا مظاہرہ کرنے پر عاکف جاوید کو اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کے لیے قومی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا۔ ایونٹ کے فائنل میں پاکستان نے بھارت کو شکست دی تھی۔
محدود عرصہ میں بلندی پر پہنچنے والے عاکف جاوید نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام 2017 کا حصہ تھے۔ فاسٹ باوٴلر اپنی بہترین باوٴلنگ کے باعث سلیکٹرز کی توجہ اپنی طرف مبذول کرواچکے ہیں۔

19 سالہ فاسٹ باوٴلر، سری لنکا اور بنگلہ دیش کے خلاف قومی کرکٹ ٹیم کے تربیتی سیشنز میں بھی بطور مہمان کھلاڑی شرکت کرچکے ہیں۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو نوجوان فاسٹ باوٴلر کے لیے صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کا بہترین موقع ثابت ہوگی۔ امید ہے عاکف جاوید کو منتخب کرنے سے متعلق اسلام آباد یونائیٹڈ کی "دماغ سے " حکمت عملی کارگر ثابت ہوگی۔


ارشد اقبال، کراچی کنگز (ایمرجنگ):
خیبرپختونخوا کے شہر صوابی سے تعلق رکھنے والے نوجوان فاسٹ باوٴلر ارشد اقبال ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 میں کراچی کنگز کی نمائندگی کریں گے۔ 19 سالہ فاسٹ باوٴلر آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2018 میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ انہوں نے ایونٹ کے 5 میچوں میں 6 وکٹیں حاصل کرنے کے علاوہ بھارت کے خلاف سیمی فائنل میں تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔


ارشد اقبال گذشتہ 2 سالوں میں ایک فرسٹ کلاس، تین لسٹ اے اور سات ٹی ٹونٹی ڈومیسٹک میچوں میں شرکت کرچکے ہیں۔ ان میچوں میں مجموعی طور پر 19 وکٹیں حاصل کرنے والے ارشد اقبال کی ٹی ٹونٹی ڈومیسٹک کرکٹ میں وکٹوں کی تعداد 10 ہے۔
سیکنڈ الیون قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں خیبرپختونخوا کی نمائندگی کرنے والے ارشد اقبال نے 2 میچوں میں 2 وکٹیں حاصل کیں تاہم کراچی کنگز کی انتظامیہ کو ارشد اقبال سے ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو میں شاندار کارکردگی کی توقع ہے۔


دلبر حسین، لاہور قلندرز (سلور):
دو سال قبل لاہور قلندرز ڈویلمپنٹ پروگرام کا حصہ بننے والے فاسٹ باوٴلر دلبر حسین سے بھی ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو میں شاندار کارکردگی کی امید ہے۔ فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے 26 سالہ فاسٹ باوٴلر دورہ آسٹریلیا کے لیے قلندرز ڈویلمپنٹ اسکواڈ کا حصہ تھے۔
دلبر حسین بگ بیش لیگ کے حالیہ سیزن میں بطور غیر ملکی کھلاڑی پاکستان کی نمائندگی کرنے والے دوسرے کرکٹر ہیں۔

ان کے علاوہ حارث روٴف نے ایونٹ میں میلبرن اسٹار کی نمائندگی کی تھی۔
دلبر حسین نے برسبین ہیٹ کے خلاف میچ میں حارث روٴف کی جگہ میلبرن اسٹارز کی نمائندگی کی تھی۔ میچ میں دلبر حسین نے ٹی ٹونٹی کرکٹ کے معروف بلے باز اے بی ڈویلیئرز کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔
دلبر حسین گذشتہ ایڈیشن میں بطور سپلیمنٹری کھلاڑی لاہور قلندرز کا حصہ تھے۔

لاہور قلندرز کی انتظامیہ، دلبر حسین کو مستقبل کا بہترین کھلاڑی قرار دے چکی ہے۔ شائقین کرکٹ بھی ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو میں دلبر حسین کی عمدہ کارکردگی دیکھنے کے منتظر ہیں۔
ذیشان اشرف، ملتان سلطانز (ڈائمنڈ):

اوکاڑہ سے تعلق رکھنے والے ذیشان اشرف جارحانہ مزاج بلے باز ہیں۔ پہلی مرتبہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کا حصہ بننے والے ذیشان اشرف کی لیگ میں انٹری بھی تہلکہ خیز تھی۔

لیگ کے لیے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ کے عمل میں ملتان سلطانز نے ذیشان اشرف کو وائلڈ کارڈ انٹری کے ذریعے سلور سے ڈائمنڈ کٹیگری میں منتخب کرکے سب کو حیران کردیا۔
ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ذیشان اشرف سے ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 میں بھی اعلیٰ کارکردگی کی امید کی جارہی ہے۔
سیکنڈ الیون قومی ٹی ٹونٹی کپ میں سدرن پنجاب کی نمائندگی کرنے والے ذیشان اشرف نے ایونٹ کا آغاز 127 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کرکیا تھا۔

انہوں نے مجموعی طور پر ایونٹ کے 7 میچوں میں 395 رنز بنائے۔65 سے زائد کی اوسط سے رنز بنانے والے ذیشان اشرف نے ایونٹ میں 3 نصف سنچریاں بھی اسکور کیں۔ نوجوان بلے باز نے ایونٹ میں 23 چھکے اور 34 چوکے بھی جڑے تھے۔
عمدہ کارکردگی کی بدولت قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ میں ترقی پانے والے نوجوان بلے باز نے مسلسل 2 سنچریاں اسکور کیں۔
ملتان سلطانز اور کرکٹ کے مداحوں کو لیگ میں ذیشان اشرف کی جارحانہ بلے بازی کا انتظار ہے۔


حیدر علی، پشاور زلمی (سپلیمنٹری):
آئی سی سی انڈر 19 ورلڈکپ 2020 میں پاکستان کے نائب کپتان اور اوپنر حیدر علی کو ویسٹ انڈیز کے سابق کرکٹر اور موجودہ کمنٹیٹر این بشپ نے "دوسرے بابراعظم" کا لقب دیا۔ راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے 19 سالہ بلے باز متعدد بار قومی انڈر 19، قومی ایمرجنگ ٹیمز اور ناردرن کرکٹ ٹیم کے لیے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرچکے ہیں۔


قائداعظم ٹرافی کے حالیہ سیزن میں 645 رنزبنانے والے حیدر علی نے ایونٹ کے فائنل میں سنٹرل پنجاب کے خلاف 134 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔ پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے حیدر علی، کامران اکمل اور ٹام بنٹن کے ہمراہ ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
آرش علی خان، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز (ایمرجنگ):
آئی سی سی انڈر 19 ورلڈکپ 2020 میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی قومی انڈر 19 ٹیم کے اسکواڈ میں شامل آرش علی خان کا تعلق کراچی سے ہے۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسکواڈ میں شامل آرش علی خان کی یہ لیگ میں پہلی انٹری ہے۔
انیس سالہ نوجوان اسپنر قومی انڈر 19 ایک روزہ کرکٹ ٹورنامٹ 20-2019 کے 6 میچوں میں 15 وکٹیں حاصل کرکے ایونٹ کے بہترین باوٴلر قرار پائے تھے۔ آرش علی خان نئی گیند سے باوٴلنگ کرنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔
دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں آرش علی خان کی اسپن باوٴلنگ کا بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کرے گی۔

سرفراز احمد کی قیادت میں ایونٹ میں شرکت نوجوان اسپنر کے کیرئیر میں اہم تجربہ ثابت ہوگی۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 بیس فروری سے بائیس مارچ تک کراچی، لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں کھیلی جائے گی۔ایونٹ کا پہلا میچ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کراچی میں جبکہ فائنل لاہور میں کھیلا جائے گا۔
لیگ کے لیے ٹکٹوں کی آن لائن بکنگ www.yayvo.com پردستیاب ہے جبکہ شائقین کرکٹ ٹی سی ایس کے ایکسپریس سنٹرز سے بھی ٹکٹ خریدسکتے ہیں۔