ٹڈی دل کے تدارک کیلئے سپرے کا استعمال ہنگامی بنیادوں پر کیا جارہا ہے، محکمہ زراعت کی ٹیمیںپوری طرح فعال ہیں، ترجمان محکمہ زراعت

پیر 17 فروری 2020 16:23

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2020ء) محکمہ زراعت کے ترجمان نے کہا ہے کہ ٹڈی دل نی30 سال بعد پاکستان کا رُخ کیا ہے جس کے تدارک کیلئے سپرے کا استعمال ہنگامی بنیادوں پر کیا جارہا ہے جبکہ محکمہ زراعت کی ٹیمیںپوری طرح فعال ہیںاورکسانوں کو احتیاطی تدابیر بارے آگاہی فراہم کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے، جہاں بھی ٹڈی دل کے حملے کی اطلاعات مل رہی ہیں وہاںفوری طور پر سرویلنس ٹیموں کو متحرک کیا جارہا ہے۔

انہوں نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ ٹڈی دل کے کنٹرول کیلئے محکمہ زراعت تمام متعلقہ محکموں سے رابطہ میں ہے اورصوبہ بھرمیں اس کی مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے اور اس کے حملہ کی شکایات موصول ہونے پر سرویلنس ٹیمیں سپرے کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹڈی دل گروہ کی شکل میں مختلف علاقوں میں وقتی طورپر رکتا اور بعد ازاں کوچ کرجاتاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ محکمہ زراعت پنجاب وفاقی اداروں خصوصاً فیڈرل پلانٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ ودیگر متعلقہ اداروں کے تعاون سے صوبہ کے مختلف متاثرہ شہروں میں ٹڈی دل کے کنٹرول کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہا ہے اوراب تک 51ہزار لٹر دوائی سپرے کی جاچکی ہی جبکہ گزشتہ دنوں اسی مہم کے دوران جہاز گرنے سے ایک پائلٹ اور انجینئر شہید بھی ہوئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اب تک بہت زیادہ نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں جبکہ ٹڈی دل کی واپسی کا عمل بھی جاری ہے اورجلد ہی اس قدرتی آفت سے نجات مل جائے گی۔