متحدہ عرب امارات نے باراکاہ میں پہلے جوہری بجلی گھر کو پہلا ری ایکٹر لائسنس جاری کر دیا

پیر 17 فروری 2020 16:31

ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2020ء) متحدہ عرب امارات نے برکہ میں پہلے جوہری بجلی گھر کو ری ایکٹر لگانے کے لیے پہلا لائسنس جاری کر دیا جس کے بعد متحدہ عرب امارات جوہری بجلی گھر کھولنے والا عرب دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے۔

(جاری ہے)

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی میں متحدہ عرب امارات کے نمائندے حماد الکعبی نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات کے نیشنل نیوکلیئر ریگولیٹر نے دارالحکومت ابوظہبی کے مغرب میں خلیجی ساحل پر برکہ جوہری بجلی گھر کو آپریٹ کرنے کے لیے 4 ری ایکٹرز لگانے کے سلسلے میں پہلا ری ایکٹر لائسنس جاری کرنے کی منظوری دی تھی۔

حماد الکعبی نے کہا کہ یہ یو اے ای کے لیے ایک تاریخی اور یادگار لمحہ ہے اور یہ سنگ میل متحدہ عرب امارات کی قیادت کے ملک کی مستقبل میں توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے پر امن جوہری توانائی پروگرام کی تشکیل کے ویژن کے تحت عبور کیا گیا ہے۔ برکہ جوہری بجلی گھر کا قیام 2017 ء کے آخر میں عمل میں آنا تھا لیکن سکیورٹی اور ضابطے کی ضروریات پوری نہ ہونے کے باعث تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔