حکومت ملکی تاریخ کا سب سے بڑا سوشل پروگرام لے کر آئی ہے، گورنرسندھ

ایپلیکیشن "بیٹی‘‘ کا مقصد پاکستانی خواتین کو بااختیار بنانا، ان کے حقوق کی آگاہی اور دیگر سہولتیں مہیا کرنا ہے، عمران اسماعیل اس کا کریڈٹ ڈاکٹر خالد مقبول اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کو جاتا ہے۔ ایپلی کیشن ’’بیٹی‘‘ کی تقریب اجراء سے خطاب

پیر 17 فروری 2020 19:06

حکومت ملکی تاریخ کا سب سے بڑا سوشل پروگرام لے کر آئی ہے، گورنرسندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2020ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ایپلیکیشن "بیٹی‘‘ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت عوام کی فلاح کی لیے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا سوشل پروگرام "احساس" لے کر آئی ہے۔ تقریب میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ، میئر کراچی وسیم اختر سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے ۔گورنرسندھ نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کے ریاست مدینہ کے وژن کی تکمیل میں عورتوں کو حقوق فراہم کرنا ایک اہم اقدام ہے۔

اس ضمن میں "بیٹی" ایپ کا اجراء خوش آئند ہے۔ ایپ بنانے کا کریڈٹ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کو جاتا ہے۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ بیٹی ایپلیکیشن پاکستان میں عورتوں کو بااختیار بنائے گی ،اس ایپ کا مقصد بیٹیوں کو ان کے حقوق کی آگاہی اور دیگر سہولتیں مہیا کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خواتین کی آبادی پچاس فیصد سے زائد ہے بدقسمتی سے خواتین کو اکثرگھر سے باہر جا کر کام کرنے کی اجازت نہیں ہوتی اگر خواتین کو گھر سے اجازت ملتی ہے تو وہ عملی زندگی میں مردوں سے آگے نکل جاتی ہیں۔

ہماری خواتین ذہین ہیں، انھیں ان کی اپنی پسند کی فیلڈ میں آگے بڑھنے کا موقع ملنا چاہیے ہیں۔ ہمیں اپنی خواتین کو با اختیار کرنا ہوگا تاکہ ملک ترقی کی منازل طے کر سکے۔