گورنر سندھ عمران اسماعیل سے گلگت بلتستان کے گورنر راجہ جلال حسین کی ملاقات

ملک میں سیاحت کے فروغ، ملکی معیشت میں سیاحت کی اہمیت اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال

پیر 17 فروری 2020 19:12

گورنر سندھ عمران اسماعیل سے گلگت بلتستان کے گورنر راجہ جلال حسین کی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2020ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل سے گلگت بلتستان کے گورنر راجہ جلال حسین نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی ۔ملاقات میں وزیراعظم پاکستان کے دیرینہ رفیق نعیم الحق کے انتقال پر افسوس اور مرحوم کی مغفرت ، درجات کی بلندی کے دعا بھی کی ۔ ملاقات میں ملک میں سیاحت کے فروغ،سیاحوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی،ملکی معیشت میں سیاحت کی اہمیت اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

گورنرسندھ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان معیشت کے استحکام کے لئے سیاحت کے فروغ میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں گلگت بلتستان کی جنت نظیر وادیاں سیاحوں کے لئے بے پناہ کشش رکھتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی تعداد میں اضافہ پاکستان میں امن و امان کی بہتر صورتحال کا ثبوت ہے ملک بھر میں سیاحت کے فروغ سے غیر ملکی سیاحوں کی تعداد میں مزید اضافہ یقینی ہے جس سے مقامی آبادی کو روزگار کے وسیع مواقع اور پاکستان کو زرمبادلہ حاصل ہوگا ۔

(جاری ہے)

گلگت بلتستان کے گورنرنے کہا کہ گلگت بلتستان آنے والے سیاحوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں سیاحتی مقامات پر آمد ورفت کے ذرائع کو مزید بہتر بھی کیا جارہا ہے یہ بات خوش آئند ہے کہ سیاحت میں دیگر ممالک کی طرح پاکستان بھی دنیا بھر میں ابھر کر سامنے آرہا ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ اس موقع سے بھرپور استفادہ حاصل کیا جائے جو کہ وقت کی اہم ضرورت بھی ہے اس ضمن میں وفاق کا تعاون قابل تحسین ہے ۔