وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی کبڈی ورلڈکپ جیتنے پر پاکستانی ٹیم کو مبارکباد

کبڈی کے عالمی ٹورنامنٹ کا پرامن انعقاد پرامن پاکستان کی ایک اور فتح ہے، دنیامیں سافٹ امیج اجاگر ہوا ہے‘ شائقین کا جوش وجذبہ اور نظم و ضبط قابل تعریف رہا‘خواہش ہے کبڈی کی طرح پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ، ہاکی اور دیگر کھیلوں کے مقابلے بھی ہوں، سردار عثمان بزدار

پیر 17 فروری 2020 20:04

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی کبڈی ورلڈکپ جیتنے پر پاکستانی ..
لاہور۔17 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2020ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کبڈی ورلڈکپ 2020 جیتنے پر پاکستانی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ عالمی ایونٹ کے شاندار انعقاد پر پاکستان کبڈی فیڈریشن اور صوبائی محکمہ کھیل بھی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ روایتی حریف بھارت کو سخت مقابلے کے بعد شکست دے کر پاکستانی کھلاڑیوں نے قوم کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیر دی ہیں۔

کبڈی کے عالمی ٹورنامنٹ کا پرامن انعقاد پرامن پاکستان کی ایک اور فتح ہے۔ انہوں نے کہا کہ کبڈی ورلڈ کپ 2020 کے کامیاب انعقاد سے نئی تاریخ رقم ہوئی ہے اور پاکستان کا سافٹ امیج اجاگر ہوا ہے۔ محفوظ ماحول میں میچوں کے انعقاد سے دنیا کو امن کا پیغام گیا ہے اور پورے ٹورنامنٹ میں شائقین کا جوش وجذبہ اور نظم و ضبط قابل تعریف رہا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ایونٹ میں عوام کی غیر معمولی دلچسپی نے ثابت کیا کہ پاکستانی پرامن اور کھیلوں سے محبت کرتے ہیں۔

کبڈی ہو یا کوئی اور کھیل، ان سے فاصلے سمٹتے ہیں اور دوریاں دور ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیل محبت کے فروغ اور امن کے پرچار میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور خواہش ہے کہ کبڈی کی طرح پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ، ہاکی اور دیگر کھیلوں کے مقابلے بھی ہوں۔ انہو ں نے کہا کہ ہم پنجاب میں اس طرح کے کھیلوں کے بین الاقوامی ٹورنامنٹ کا انعقاد مستقبل میں بھی کرائیں گے۔