نوجوانوں کو اعلیٰ معیار کی جدید تکنیکی و پیشہ وارانہ تربیت کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے،

کامیاب جوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کو جدید پیشہ وارانہ تربیت فراہم کرکے انہیں کار آمد شہری بنایا جائے گا وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان محمد عثمان ڈار کا ہائی ٹیک ٹریننگ کورسز کی کلاسز کے اجراء کی افتتاحی تقریب سے خطاب

پیر 17 فروری 2020 20:31

نوجوانوں کو اعلیٰ معیار کی جدید تکنیکی و پیشہ وارانہ تربیت کی فراہمی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2020ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان محمد عثمان ڈار نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو اعلیٰ معیار کی جدید تکنیکی و پیشہ وارانہ تربیت کی فراہمی ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس مقصد کیلئے وزیراعظم کا کامیاب جوان پروگرام شروع کیا گیا ہے جس کے تحت نوجوانوں کو جدید پیشہ وارانہ تربیت فراہم کرکے انہیں کار آمد شہری بنایا جائے گا۔

وہ پیر کو نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی میں ہائی ٹیک ٹریننگ کورسز کی کلاسز کے اجراء کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں کبھی بھی نوجوانوں کے مستقبل کو سنجیدگی سے نہیں لیا گیا، نوجوانوان کو باعزت روزگار کی فراہمی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم کے کامیاب جوان پروگرام نوجوانوں کو جدید پیشہ وارانہ تکنیکی تربیت کی فراہمی میں معاون کردار ادا کرے گا۔

(جاری ہے)

محمد عثمان ڈار نے کہا کہ دور حاضر کے چیلنجز کو سامنے رکھتے ہوئے جوان تیار کرنے کیلئے کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے نوجوانوں سے وعدہ کیا تھا کہ وہ ان کو روزگار فراہم کریں گے، اسی وعدہ کی تکمیل کیلئے وزیراعظم نے چھوٹے کاروبار شروع کرنے کیلئے نوجوانوں پر اعتماد کیا اور انہیں 5 لاکھ روپے تک کے قرضے فراہم کرنے کیلئے پروگرام شروع کیا۔

انہوں نے کہا کہ انٹرن شپ کرنے والے طلباء کو نہ صرف ہنر سکھایا جائے گا بلکہ نوجوانوں میں صحت سے متعلق مختلف پروگرامز بھی متعارف کرائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی ایک جدوجہد کا نام ہے، ہمیں خود محنت کرنا ہو گی اور اپنے پائوں پر کھڑا ہونا ہو گا۔ قبل ازیں یونیورسٹی کے ریکٹر نے یونیورسٹی کی جانب سے شروع کئے جانے والے ہائی ٹیک کورسز کی کلاسز کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر یہ کورسز 6 ماہ کے عرصہ کیلئے ہوں گے جس میں دور حاضر کی جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق نوجوانوں کو تربیت دی جائے گی۔ ان کورسز کا مقصد نوجوانوں کو باعزت روزگار کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ معاون خصوصی کو یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کا دورہ بھی کرایا گیا۔