انسانی حقوق کا احترام اور تحافظ تمام اقوام کی اجتماعی ذمہ داری ہے،سردار مسعود خان

اقوام متحدہ کا کوئی ایک رکن اپنی ضد اور ہٹ دھرمی سے اس عالمی ادارے کو یرغمال نہیں بنا سکتا صدر آزاد کشمیر کی سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انٹینو گتریس سے ملاقات،مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کرنے پر سیکرٹری جنرل کا شکریہ ادا کیا

پیر 17 فروری 2020 20:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2020ء) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹینو گتریس سے ملاقات کی اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کے سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں حل کرنے اور اس تنازعہ کے حل کے لئے ثالثی کی پیشکش کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ وزارت خارجہ اسلام آباد میں ہونے والی اس ملاقات کے دوران صدر آزاد کشمیر نے اقوام متحدہ کے سیکر ٹری جنرل کی طرف سے بھارت اور پاکستان کو کشیدگی کم کرنے خاص طور پر لائن آف کنٹرول پر کشیدہ صورتحال میں بہتری لانے کا مطالبہ کرنے پر بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کو انسانی حقوق کا احترام کرنے اور کشمیر یوں کی بنیادی شہری آزادیاں بحال کرنے کا مطالبہ کرنے پر بھی شکریہ ادا کیا ۔

(جاری ہے)

صدر آزادکشمیر نے کہا کہ انسانی حقوق کا احترام اور تحافظ تمام اقوام کی اجتماعی ذمہ داری ہے اور اقوام متحدہ کا کوئی ایک رکن اپنی ضد اور ہٹ دھرمی سے اس عالمی ادارے کو یرغمال نہیں بنا سکتا ۔ صدر سردار مسعود خان نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی مسلسل ، بلا جواز اور بلا اشتعال فائرنگ اور انسانی جانوں کے ضیاع سے پیدا ہونے والی صورتحال سے بھی آگاہ کیا ۔

صدر آزد کشمیر نے تجویز پیش کی کہ اقوام متحدہ کے پاکستان اور بھارت کے لئے متعین فوجی مبصرین کی سیز فائر لائن کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے رپورٹس کو سیکرٹری جنرل کے دفتر میں باقاعدگی سے پہنچانے اور ان رپورٹس کو سلامتی کونسل کے تمام ارکان کو بھیجنے کا لازمی اہتمام کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل تنازعہ کشمیر کو پرامن طور پر حل کرنے کے لئے اس مسئلہ پر گفت و شنید اور غور و خوص کا سلسلہ مسلسل جاری رکھے کیونکہ اقوام عالم کے اس اہم ترین فورم کاکشمیر جیسے تنازعہ پر خاموشی جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ ناانصافی ہے جو محاصرے میں ہیں اور جنہیں قتل اور مسلسل ظلم و بربریت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی انتہا پسند حکمر ان جماعت بی جے پی چاہتی ہے کہ عالمی برادری کشمیر کے مسئلہ پر خاموش رہے تاکہ اس کے جرائم پر پردہ پڑا رہے لیکن اب جبکہ اقوام متحدہ کشمیر کے تنازعہ پر بول رہی ہے تو یہ سلسلہ جاری رہنا چاہیے ۔صدر آزادکشمیر نے کہا کہ اقوام متحدہ اُس عالمی نظام کی علم بردار ہے جس میں قانون کی بالا دستی کو بنیادی اہمیت حاصل ہے ۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو بین الاقوامی نظام کے تحفظ کی علامت قرار دیتے ہوئے صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ سیکرٹری جنرل کو قائدانہ کردار ادا کرتے ہوئے انسانیت کو جنگ سے بچانے اورانسانوں کو غیر ملکی تسلط سے بچانے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر راجہ محمد فارو ق حیدرخان ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور چیئرمین کشمیر کمیٹی سید فخر امام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔