ٹرانسپورٹ اڈوں سے کوئی مسافر گاڑی سفر کرنے والے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے بغیر روانہ نہیں ہونی چاہیے ، ڈویژنل کمشنر

پیر 17 فروری 2020 21:13

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2020ء) : ڈویژنل کمشنر عشرت علی نے کہا ہے کہ ٹرانسپورٹ اڈوں سے کوئی مسافر گاڑی سفر کرنے والے بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے بغیر روانہ نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے یہ بات ڈپٹی کمشنر محمد علی کے ہمراہ جنرل بس سٹینڈ پر پولیو مہم کا جائزہ لیتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے پولیوٹیموں کی موجودگی،بچوں کو قطرے پلانے اور اندراجات کے عمل کو چیک کیا۔

ایم این اے شیخ خرم شہزاد بھی ان کے ہمراہ تھے۔کمشنر،ڈپٹی کمشنر اور ایم این اے نے مختلف شہروں کو روانہ ہونے والی بسوں کے اندر جا کر والدین سے ان کے ہمراہ پانچ سال تک کی عمرکے بچوں کو حفاظتی قطرے پلوانے کے بارے میں دریافت اور بچوں کی انگلیوں پر تصدیقی نشانات چیک کرکے تسلی کی جبکہ موقع پر بعض بچوں کو خود بھی پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں ایریا انچارجز ٹیموں کی کارکردگی پر گہری نظر رکھیں۔انہوں نے والدین سے کہا کہ وہ اپنے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے ضرور پلوائیں تاکہ اس مرض کا یکسر خاتمہ کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹس اڈوں سمیت پارکوں،تفریحی مقامات ودیگر عوامی جگہوں پر انسداد پولیو ٹیموں کو سرگرم عمل رکھیں اور کوئی بچہ بھی حفاظتی قطرے پئیے بغیر نہیں رہنا چاہیے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کے سو فیصد اہداف کے حصول کے لئے پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچے تک رسائی حاصل کی جائے۔ایم این اے شیخ خرم شہزاد نے کہا کہ پولیوسے پاک پاکستان موجودہ حکومت کا مشن ہے جس کے لئے سنجیدہ اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے انسداد پولیو مہم پر ذمہ دارانہ عمل درآمد کی ہدایت کی اور کہا کہ پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچے تک رسائی حاصل کی جائے۔دریں اثناء ڈپٹی کمشنر محمد علی نے ریلوے اسٹیشن جا کر بچوں کو قطرے پلانے کے عمل کا جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ والدین کے ہمراہ سفر کرنے والا پانچ سال تک کی عمر کا ایک بھی بچہ حفاظتی ویکسین سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :