گل والا وزیرآباد میں گندم اور سورج مکھی میں کھادوں کے متوازن استعمال کے موضع پر فارمر میٹنگ کا انعقاد

پیر 17 فروری 2020 21:13

گوجرانوالہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2020ء) فوجی فرٹیلائزر کمپنی گوجرانوالاکے زیراہتمام گل والا وزیرآباد میںگندم اور سورج مکھی میں کھادوں کے متوازن استعمال کے موضع پر ایک فارمر میٹنگ کا انعقاد کیاگیا۔ اس میٹنگ کے مہمانِ خصوصی اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع جناب ماجد حمید باجوہ تھے۔ اس کے علاوہ اس میٹنگ میں ایف ایف سی زرعی ماہر محمد عباس ضیاء،ایف ایف سی سیلزآفیسراقبال حسین، زراعت آفیسر ڈاکٹر عامر اور علاقے کے ترقی پسند کاشتکاروں نے شرکت کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع ماجد حمید باجوہ نے کاشتکاروں کو بتایاکہ تیل کی ملکی ضرورت کو پورا کرنے کیلئے ملک کا بہت زیادہ زرمبادلہ خرچ کیا جاتا ہے اس زر مبادلہ کو بچانے کیلئے کاشتکاروں کو زیادہ سے زیادہ رقبے پر سورج مکھی کاشت کرنا چاہیے اور سورج مکھی کی اچھی پیداوار حاصل کرنی چاہیے ۔

(جاری ہے)

اچھی پیداوار حاصل کرنے کیلئے فروری کے آخر تک سورج مکھی کاشت کر لیں۔سورج مکھی کی اچھی اقسام ہائی سن 33، اگورا4، ایس 278 اور این کے ارمونی کا ڈیڑھ سے دو کلو گرام بیج فی ایکڑ سوا دو فٹ کی کھیلیوں پر نو سے بارہ انچ کے فاصلے پر کاشت کریں ۔اچھی پیداوار حاصل کرنے کیلئے ڈیڑھ بوری سوناڈی اے پی ، ایک بوری ایف ایف سی ایس او پی یا ایم او پی، 6کلوگرام سونازنک سلفیٹ اور 3کلوگرام سونابوران فی ایکڑ بوائی کے وقت ڈالیں جبکہ آدھی بوری سونایوریا پہلے پانی کے ساتھ، آدھی بوری سونا یوریا دوسرے پانی کے ساتھ اور ایک بوری سونا یوریا ڈوڈیاں بنتے وقت استعمال کریں۔

جڑی بوٹیوں کے تدارک کیلئے اسٹامپ ایک لٹریا ڈوآل گولڈ600سے 800ملی لٹر فی ایکڑ بوائی کے بعد فصل کے اگائو سے پہلے سپرے کریں۔زرعی ماہر محمد عباس ضیاء نے کاشتکاروں کو بتایا کہ اس وقت زیادہ تر گندم گوبھ کی حالت میں ہے اور اس حالت میںآبپاشی کے ساتھ ساتھ گندم کو نائٹروجن کی اشد ضرورت ہوتی ہے ۔اس لیے گوبھ کی حالت میں یعنی بجائی سے 75سی85دن بعد گندم کو آبپاشی کے ساتھ ایک بوری سونا یوریا ضرور ڈالیں اس سے گندم کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔