پیرس میں ایف اے ٹی ایف اجلاس جاری، پاکستان کیلئے خوشخبری آگئی

فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے رکن ممالک نے دہشت گردوں کی فنڈنگ روکنے کے لیے پاکستان کی حکمت عملی پر اطمینان کا اظہار کر دیا

muhammad ali محمد علی پیر 17 فروری 2020 19:53

پیرس میں ایف اے ٹی ایف اجلاس جاری، پاکستان کیلئے خوشخبری آگئی
پیرس (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17 فروری 2020ء) پیرس میں ایف اے ٹی ایف اجلاس جاری، پاکستان کیلئے خوشخبری آگئی، فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے رکن ممالک نے دہشت گردوں کی فنڈنگ روکنے کے لیے پاکستان کی حکمت عملی پر اطمینان کا اظہار کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پیرس میں اے ٹی ایف کا اجلاس جاری ہے جس میں پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے یا نہ نکالنے کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پیرس میں جاری اجلاس کے دوران پاکستان کی جانب سے پیش کردہ رپورٹ کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پاکستانی حکام نے اجلاس کے شرکا کو دہشتگردوں کی مالی معاونت کرنے والوں کے خلاف کی گئی کارروائی سے آگاہ کیا اور بتایا کہ فنڈنگ روکنے کے لیے تمام اہداف پر پیشرفت کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

پاکستانی وفد نے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ منی لانڈرنگ میں ملوث افراد پر جرمانہ دگنا کرنے کی قانون سازی آخری مراحل میں ہے جبکہ 27 ایف اے ٹی ایف کے اہداف میں سے 14 پر واضح پیشرفت کی ہے۔

منی لانڈرنگ میں ملوث افراد کی جائیدادیں ضبط کی جائیں گی۔ جبکہ مشکوک ٹرانزیکشن رپورٹ کا ڈیٹا 5 سال کی بجائے 10 سال تک رکھا جائے گا۔ اجلاس میں دہشت گردوں کی فنڈنگ روکنے کے لیے پاکستان کی حکمت عملی اور رپورٹ پر رکن ممالک نے اطمینان کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ایف اے ٹی ایف حکام کے بیجنگ اجلاس میں پاکستان کو اس وقت بڑی کامیابی حاصل ہوئی تھی جب بھارت کی تمام تر سازشوں کے باوجود بیشتر ممالک نے پاکستان کی کارکردگی کو سراہا تھا۔

خبریں آ رہی ہیں کہ پاکستان ایف اے ٹی ایف کی جانب سے دیے گئے بیشتر ٹاسک پورے کرنے میں کامیاب رہا ہے، جس کے بعد اب پاکستان کا نام گرے لسٹ سے نکال دیے جانے کے واضح امکانات ہیں۔ ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے باہر نکلنے کیلئے پاکستان کو 12 ممالک کی حمایت درکار ہے۔ اس حوالے سے پاکستان کو ایک سے دو روز میں خوشخبری ملنے کا امکان ہے۔

متعلقہ عنوان :