پنجاب یونیورسٹی بدھ مت تہذیب کی آثار کی کھدائی کے لئے تکنیکی معاونت فراہم کرے گی

منگل 18 فروری 2020 00:02

لاہور۔17 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2020ء) پنجاب یونیورسٹی شعبہ آرکیالوجی حکومت پنجاب کی راجن پور کے علاقے دلو رائے میں جاری بدھ مت تہذیب کے آثار کی کھدائی کے منصوبے میں تکنیکی معاونت فراہم کرے گی۔ 434 کنال پر محیط اس علاقے کی ابتدائی تحقیق کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ یہ علاقہ پنجاب میں بدھ مت تہذیب کا مرکز ہو سکتا ہے جیسا کہ ٹیکسلا میں سرکپ سٹی ہے۔

(جاری ہے)

اس لئے یہ علاقہ بین الاقوامی طور پر انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اس علاقے میں آثار قدیمہ کی جانچ پڑتال سے گندھارا تہذیب کے جنوبی پنجاب میں پھیلا ئو سے متعلق معلومات حاصل ہوں گی۔آثار قدیمہ کی کھدائی کا یہ منصوبہ محکمہ آرکیالوجی حکومت پنجاب کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد حسن کی زیر نگرانی کھدائی کے امور سرانجام دے رہا ہے جبکہ پنجاب یونیورسٹی شعبہ آرکیالوجی کے چیئرمین ڈاکٹر محمد حمید کی زیر نگرانی ماہرین کی ایک ٹیم تکنیکی معاونت فراہم کر رہی ہے۔