وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس آج طلب کرلیا

ملکی سیاسی و معاشی صورتحال ‘ مہنگائی کی روک تھام کے اقدامات‘ گیس کی قیمتوں اور بجلی بلوں کا معاملہ ایجنڈے میں شامل ہے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 18 فروری 2020 10:23

وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس آج طلب کرلیا
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔18 فروری۔2020ء) وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہو گا جس میں 12 نکاتی ایجنڈے پرغور کیا جائے گا. ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال اور ترک صدر طیب ایردوان کے دورہ پاکستان میں معاہدوں کی تفصیلات سے کابینہ کو اعتماد میں لیا جائے گا اس کے علاوہ کابینہ مہنگائی کی روک تھام کے اقدامات کا بھی جائزہ لے گی جبکہ احساس پروگرام میں ارکان پارلیمان کو شامل کرنے کے معاملے پر بریفنگ بھی ایجنڈا میں شامل ہے.

(جاری ہے)

اجلاس میں گیس کی قیمتوں اور بجلی بلوں کا معاملہ بھی ایجنڈے میں شامل کیا گیا ہے جبکہ دالوں پر ٹیکس ریگولیڑی ڈیوٹی کے معاملے پر بھی غور کیا جائے گا وفاقی کابینہ کو پاکستان اسٹیل ملز کے معاملہ پر بھی غور کیا جائے گا اور بھارت سے ایک بار کے لیے کیڑے مار ادویات کی درآمد کی اجازت کا معاملہ بھی ایجنڈے میں شامل کیا گیا ہے. اس کے علاوہ بچوں کے حقوق سے متعلق قومی کمیشن کی تشکیل کا معاملہ اور کابینہ مشترکہ مفادات کونسل کے مستقل سیکرٹریٹ کے قیام پر بھی غور کیا جائے گا مزید برآں پاکستان نرسنگ کونسل کے ممبر کی تعیناتی کا نوٹی فیکیشن بھی ایجنڈے میں شامل ہے.

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز ایک اعلی سطحی اجلا س میں مستقل بنیادوں پر بجلی اور گیس کی قیمتوں میں کمی کے لیے متعلقہ حکام کو غیرمعمولی حل تلاش کرنے کی ہدایت کی تھی تاکہ مقامی صارفین کو ریلیف دیا جاسکے اور ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر قابو پایا جاسکے. وزیر اعظم کے دفتر کے مطابق اجلاس میں گیس اور بجلی کی قیمتوں کو کم (بالخصوص عام صارفین کے لیے) کرنے کے لیے متعدد پیشکش کی گئیں ندیم بابر نے اجلاس میں اس حوالے سے طویل المدتی منصوبہ بھی پیش کیا اجلاس میں وزیر اعظم کو گیس اور بجلی پیدا کرنے اور ترسیل کار کمپنیوں کے مسائل سے بھی آگاہ کیا گیا.

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سابقہ حکومتوں نے ملک کے مفاد پر غور کئے بغیر مہنگے اور غیرمنطقی معاہدے اور انتظامات کئے ہیں جس کی وجہ سے حاصل ہونے والی مہنگی بجلی سے گردشی قرضہ بڑھا‘ان کا کہنا تھا کہ غریب اور مہنگائی سے تنگ عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور صنعتوں کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح تاکہ معیشت کا پہیہ چل سکے.