ریاض: دُکانوں میں چوریاں کرنے پر پاکستانی اور سعودی گرفتار

دونوں افراد 8دُکانوں کے تالے توڑ کر قیمتی سامان اور نقدی چُرانے کی وارداتوں میں ملوث تھے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 18 فروری 2020 10:43

ریاض: دُکانوں میں چوریاں کرنے پر پاکستانی اور سعودی گرفتار
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18فروری 2020ء) ریاض میں مقیم ایک پاکستانی کو اس کے سعودی ساتھی سمیت گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ریاض پولیس کے مطابق پاکستانی اپنے ایک سعودی ساتھی سمیت مل کر دُکانوں میں چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھا۔ سعودی پریس ایجنسی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پولیس کو ریاض کے جنوبی علاقے میں کئی دُکانوں کے تالے توڑے جانے اور وہاں سے سامان اور نقدی لُوٹنے کی متعدد شکایات موصول ہوئی تھی۔

جس کے بعد ملزمان کو پکڑنے کے لیے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی جس نے جلد ہی ان ملزمان کو ان کے ٹھکانوں سے گرفتار کر لیا۔یہ چور گروہ دو افراد پر مشتمل ہے، جن میں سے ایک پاکستانی ہے جبکہ دوسرا سعودی باشندہ ہے۔ ملزمان نے دورانِ تفتیش آٹھ دُکانوں کے تالے توڑ کر سامان چوری کرنے کا اعتراف کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

دونوں کی عمریں 30 سے 40 سال کے درمیان ہے۔

جبکہ چوری کی وارداتوں کے دوران استعمال ہونے والے اوزاربھی برآمد کر لیے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل مدینہ منورہ پولیس نے چوری اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث 20 پاکستانیوں پر مشتمل ایک بڑے گینگ کو گرفتار کیا تھا جو مجموعی طور پر 90 لاکھ 70 ہزار مالیت کی ہائی وولٹیج کیبل چوری کر چکے تھے۔ یہ گروہ حکومتی پراجیکٹس کی سائٹس کے علاوہ نجی پراجیکٹس سائٹس سے بھی لاکھوں ریال کی کیبل چوری کر چکا تھا۔

یہ گروہ وارداتوں کے دوران وہاں موجود چوکیداروں اور سیکیورٹی گارڈز پر بھی حملے کرتا تھا اور انہیں رسیوں سے باندھ کر تشدد کرتا تھا۔ اس پاکستانی گینگ نے مدینہ کے علاوہ ینبع، مکہ مکرمہ، جدہ، طائف اور حائل میں مجموعی طور پر 21وارداتیں انجام دی تھیں۔ یہ ڈکیت گینگ اس قدر خوفناک تھا کہ انہوں نے لُوٹی گئی رقم کی تقسیم کے معاملے پر اپنے ہی ایک ساتھ کوقتل کر نے کے بعد اس کی لاش جلا کر دفن کر دی تھی۔