ویلنٹائن ڈے منانے کے چکر میں کویتی خاتون گاڑی سے ہاتھ دھو بیٹھی

سڑک کنارے گلدستے کا انتخاب کرتے وقت چور خاتون کی گاڑی لے اُڑا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 18 فروری 2020 10:59

ویلنٹائن ڈے منانے کے چکر میں کویتی خاتون گاڑی سے ہاتھ دھو بیٹھی
کویت (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18فروری 2020ء) کویت میں ایک خاتون کو ویلنٹائن ڈے کے موقع پر اپنے خاوند کے لیے گلدستہ خریدنا مہنگا پڑ گیا۔ القبس اخبار کے مطابق اپنے خاوند کو محبت بھرا تحفہ دینے کی خاطر وہ گھر سے نکلی تو راستے میں اُسے ایک سڑک کنارے گُل فروش کی دُکان نظر آئی۔ خاتون گاڑی کو اسٹارٹ حالت میں ہی چھوڑ کر باہر اور دُکان پر ایک گلدستے کا انتخاب کرنے میں اس طرح سے مگن ہوئی کہ اُسے پتا بھی نہ چلا کہ کب موقع کی تاک میں موجود ایک چور اُس کی گاڑی میں بیٹھااور جھٹ سے لے اُڑا۔

خاتون کی نظر جب گاڑی والی جگہ پر پڑی تو یہ دیکھ کر اس کے ہاتھوں کے طوطے اُڑ گئے کہ وہاں سے گاڑی غائب ہو چکی تھی ۔ یہ واردات الجابریہ کے علاقے میں پیش آئی۔ خاتون نے فوراً پولیس اسٹیشن جا کر گاڑی چوری کی رپورٹ درج کرا دی۔

(جاری ہے)

خاتون نے بتایا کہ وہ گاڑی سٹارٹ چھوڑ کر محض چند قدم کے فاصلے پر موجود دُکان میں گئی تھی۔ اور گلدستے کے پیسے ادا کرنے کے بعد اُس نے واپس مڑ کر دیکھا تو گاڑی وہاں موجود نہ تھی۔

اس کام میں اسے بمشکل دو منٹ لگے ہوں گے۔ پولیس کی جانب سے اس معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب میں بھی گاڑی چوری کی وارداتوں میں اضافہ ہونے لگا ہے۔ اس کی ایک بڑی وجہ لوگوں کی لاپرواہی ہے جو اکثر شاپنگ پلازوں یا کسی اور مقامات پر 2 ، 4 منٹ کے کام کے لیے آتے ہیں تو گاڑی بند کرنے کی زحمت گوارا نہیں کرتے۔ بلکہ انجن اسٹارٹ حالت میں ہی چھوڑ جاتے ہیں۔

جس کی وجہ سے انہیں چوری کر لینا بہت آسان ہو جاتا ہے۔ اس حوالے سے سعودی محکمہ ٹریفک نے خبردار کیا ہے کہ مملکت میں گاڑی اسٹارٹ حالت میں چھوڑ کر جانا ایک سنگین ٹریفک خلاف ورزی ہے۔ اگر کسی ٹریفک اہلکار کو کوئی گاڑی اس میں افراد کی موجودگی کے بغیر اسٹارٹ حالت میں کھڑی نظر آئے تو وہ فوری طور پر اس کا چالان کرنے کا پابند ہے۔ ٹریفک قوانین کی رُو سے گاڑی کا انجن اسٹارٹ حالت میں چھوڑ کر جانے پر کم از کم 100ریال اور زیادہ سے زیادہ 150 ریال کا چالان بھرنا ہو گا۔ کیونکہ ایسی خلاف ورزی کرنا اپنی گاڑی کی چوری کو جواز فراہم کرنے کے مترادف ہے۔ اکثر چور ایسی گاڑیوں کی تاک میں رہتے ہیں جن کے مالک انہیں اسٹارٹ حالت میں چھوڑ جاتے ہیں۔