سعودی عرب میں جعلی ریال پھیلانے والا گروہ گرفتار کر لیا گیا

جعلساز گروہ ریاض کے علاقے میں لاکھوں ریال کے جعلی نوٹ پھیلا چکا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 18 فروری 2020 11:20

سعودی عرب میں جعلی ریال پھیلانے والا گروہ گرفتار کر لیا گیا
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18فروری 2020ء) سعودی عرب میں گزشتہ کچھ سالوں سے کچھ منظم گروہ جعلی ریال پھیلا رہے ہیں۔ اکثر کرنسی نوٹ اتنی مہارت سے تیار کیے گئے ہوتے ہیں کہ ہوشیار سے ہوشیار دُکاندار بھی دھوکا کھا جاتے ہیں۔ حالیہ دِنوں بھی پولیس نے ریاض کے علاقے میں لاکھوں جعلی ریال کے نوٹ مارکیٹ میں پھیلانے والوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ سعودی اخبار 24 کے مطابق ریاض پولیس کی جانب سے ایک اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق پولیس کو کئی دُکانداروں اور گاہکوں نے اطلاع دی تھی کہ انہیں نامعلوم لوگوں کی جانب سے جعلی نوٹ دیا گیا ہے۔

پولیس نے ان اطلاعات کے بعد تفتیش شروع کی تو بالآخر جعلسازی میں ملوث ایک گروہ کی نشاندہی ہو گئی ۔ جس کے تمام ارکان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ملزمان نے اپنا ٹھکانہ ریاض کے قدیم علاقے میں بنا رکھا تھا۔ اس ٹھکانے پر انہوں نے لاکھوں روپے مالیت کے جعلی نوٹ بھی رکھے ہوئے تھے۔ پولیس کے مطابق ملزمان 500 ریال کے جعلی نوٹ مارکیٹ میں پھیلا رہے تھے۔

جن کی کُل مالیت آٹھ لاکھ کے قریب تھی۔ یہ تمام جعلی کرنسی بھی ضبط کر لی گئی۔ واضح رہے کہ سعودی عرب میں کچھ عرصہ قبل ایک یونیورسٹی کی 2 طالبات بھی جعلی کرنسی رکھنے کے الزام میں گرفتار کی گئی تھیں۔ یہ واقعہ شاہ عبدالعزیز یونیورسٹی میں پیش آیا تھا۔ جب یونیورسٹی کے سیکیورٹی اہلکاروں نے پولیس کو اطلاع دی کہ یونیورسٹی کی 2 طالبات کے پاس سے جعلی کرنسی نوٹ برآمد ہوئے ہیں۔

پولیس نے اطلاع ملنے کے بعد یونیورسٹی پہنچ کر تحقیقات کیں۔ تو یونیورسٹی کینٹین کی ملازمہ نے بتایا کہ یونیورسٹی کی دو طالبات نے صبح کے وقت آ کر اس سے سامان خریدا اور بدلے میں اسے 500 ریال کا نوٹ دیا۔ جب اس نے نوٹ کو غور سے دیکھا تو اسے اس پر جعلی ہونے کا شبہ ہوا۔ جس پر اس نے یونیورسٹی انتظامیہ کو اطلاع دے دی۔ دونوں طالبات کے پرس سے تلاشی لینے پر اس سے میں 500 ریال کی مالیت والے مزید 3 جعلی نوٹ برآمد ہوئے۔ جس کے بعد پولیس نے ان طالبات کو گرفتار کر لیا اور ان سے تحقیقات شروع کر دی تھیں۔