طیب اردگان کا مسئلہ کشمیرپرپاکستان کا ساتھ دینے کے اعلان پر بھارت آگ بگولہ

ایسے بیان سے ترکی اور بھارت کے تعلقات خراب ہونگے ۔ بھارتی حکومت کی گیڈر بھبھکیاں

Salman Javed Bhatti سلمان جاوید بھٹی منگل 18 فروری 2020 11:43

طیب اردگان کا مسئلہ کشمیرپرپاکستان کا ساتھ دینے کے اعلان پر بھارت آگ ..
دہلی(اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین18 فروری 2020ء ) رجب طیب اردگان کے مقبوضہ کشمیر پر پاکستان ساتھ دینے کے بیان پر بھارت آگ بگولہ ہو گیا ۔ تفصیلات کے مطابق بھارت نے ترکی صدر کے بیان پر انتباہ کیا ہے کہ ایسے بیانات سے ترکی اور بھارت کے تعلقات خراب ہو نگے۔ بھارت نے ایک بار پھر حقیقت کو نظرا نداز کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر اندرونی معاملہ ہے۔ تاہم بھارتی حکومت طیب ارد گان کے بیان پر بوکھلاہٹ کا شکار نظر آتی ہے۔

ترک صدر طیب اردگان نے کہا تھا کہ ترک کا مقبوضہ کشمیر پر بیانیہ وہی ہے جو پاکستان کا ہے۔ ترک صدر رجب طیب اردوان پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرنے کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان،چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔

(جاری ہے)

ائیر چیف،نیول چیف اور چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی بھی پارلیمنٹ میں موجود تھے۔

پارلیمنٹ میں موجود تمام ارکان نے اپنی نشستوں پر کھڑے ہو کر ترک صدر کا استقبال کیا،اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔پارلیمنٹ کی کاروائی کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا۔اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ترک صدر کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ طیب اردوان مسلم دنیا کے حقیقی رہنما ہیں،ترک صدر کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ترک صدر کو یہ ایوان اور عوام خوش آمدید کہتے ہیں۔

ترک صدر طیب اردوان نے کہا کہ پاکستان اور ترکی مشترکہ مذہب ،ثقافت اور اقدار کے حامل ہیں، ہماری دوستی مفاد پر نہیں محبت پر پروان چڑھی ہے،ہمارا دل کا رشتہ ہے،ہماری دوستی اخوت پر مبنی ہے۔میرے پاکستانی بہن بھائیوں آپ سے نہیں تو کس سے محبت کریں گے۔پاکستان کی کامیابی ترک کی کامیابی ہے۔ ترک صدر نے مزید کہا کہ دونوں ملکوں کی قیادت کو یکجا کرنے پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں، پاکستان کا دکھ درد ہمارا دکھ درد ہے،پاکستان کی خوشی ہماری خوشی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر ہمارے لیے بھی وہی ہے جو آپ کے لیے ہے۔ ترکی کی تحریک کی آزادی میں برصغیر کے مسلمانوں کا جذبہ اور کردار فراموش نہیں کر سکتے۔ ترکی قوم کی جدوجہد کے وقت لاہور میں کیے گئے حمایتی جلسوں کو فراموش نہیں کر سکتے، علامہ اقبال ترک عوام کے لیے انتہائی محترم ہیں،پاکسانی عوام نے اپنا پیٹ کاٹ کر ترک عوام کی مدد کی جو کبھی نہیں بھول سکے۔پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی ترکی کا خوب ساتھ دیا۔ ایف اے ٹی ایف میں تمام در دباؤ کے باوجود پاکستان کو حمایت کا یقین دلانے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کی بھرپور حمایت کا پختہ یقین دلاتے ہیں۔