پی ایس ایل 2020ء کا چیمپئن کتنی انعامی رقم حاصل کریگا ؟جانئے

چیمپئن ٹیم کوٹرافی کے ہمراہ 5 لاکھ ڈالرز ملیں گے،رنرزاپ ٹیم 2 لاکھ ڈالر حاصل کر پائے گی،ہر میچ کا بہترین کھلاڑی 4500 ڈالرز وصول کریگا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 18 فروری 2020 12:16

پی ایس ایل 2020ء کا چیمپئن کتنی انعامی رقم حاصل کریگا ؟جانئے
لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18فروری 2020ء ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں انعامی رقم کا اعلان کردیا گیا- ذرائع کے مطابق لیگ کی مجموعی انعامی رقم 10لاکھ امریکی ڈالرز ہوگی -پی ایس ایل 2020ء کی چیمپئن ٹیم کوٹرافی کے ہمراہ 5 لاکھ ڈالرز ملیں گے جب کہ رنرزاپ ٹیم 2 لاکھ ڈالر حاصل کر پائے گی،لیگ کے ہر میچ کا بہترین کھلاڑی 4500 ڈالرز وصول کرے گا- لیگ کے بہترین بلے باز، بائولر،پلیئر آف دی ٹورنامنٹ اور سپرٹ آف دی کرکٹ کا اعزاز اپنے نام کرنےوالوں میں 80,000 ڈالرز کی رقم یکساں تقسیم کی جائے گی- یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام پاکستان سپر لیگ کا پانچواں ایڈیشن 20 فروری سے شروع ہوگا جسکے تمام میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے اور یہ پہلی مرتبہ ہوگا جب پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان کی سرزمین پر کھیلے جائیںگے۔

(جاری ہے)

2016ء سے شروع ہونے والی لیگ درجہ بدرجہ پاکستان منتقل ہوئی۔ لیگ کے پہلے ایڈیشن کے تمام میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے تاہم ایونٹ کے دوسرے ایڈیشن میں ٹورنامنٹ کو پاکستان لانے کا آغاز کیا گیا تھا۔ لیگ میں دنیا بھر کر نامور کھلاڑی ایکشن میں نظر آئینگے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکی ٹیم لیگ میں ٹائٹل کا دفاع کریگی۔ تفصیلات کے مطابق ایچ بی ایل پی ایش ایل کے پانچویں ایڈیشن کا آغاز 20 فروری سے ہوگا، پہلی مرتبہ لیگ کے تمام میچز پاکستان میں کھیلے جائیںگے۔

لیگ میں 6 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزما ہونگی جن کے درمیان 34 میچز مخلتف وینیو پر کھیلے جائیںگے، ابتدائی میچ 20 فروری کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا، لیگ میں شامل 6 ٹیموں جن میں اسلام آباد یونائیٹڈ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، کراچی کنگز، لاہور قلندرز، پشاور زلمی اور ملتان سلطانز شامل ہیں فائنل سمیت 34 میچز کھیلے جائیں گے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت شاداب خان کرینگے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کپتانی سرفراز احمد کرینگے، کراچی کنگز کی کمان عماد وسیم کو سونپی گئی ہے ، لاہور قلندرز سہیل اختر کی زیر قیادت میدان میں اترے گی، پشاور زلمی کی قیادت ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی ڈیرن سمی کرینگے جبکہ ملتان سلطانز ٹیم کی قیادت شان مسعود کرینگے۔ لیگ کے کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں عروج پر ہیں اور اپنے اختتامی مراحل میں داخل ہیں۔

لیگ کے 14 میچز لاہور، 9 کراچی، 8 راولپنڈی اور 3 ملتان میں کھیلے جائیں گے۔ لیگ کا فائنل میچ 22مارچ کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کا افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں اس سے قبل لیگ کے پہلے ایڈیشن کے افتتاحی میچ میں بھی مدمقابل آئی تھیں۔ لیگ میں دنیا بھر کے نامور کرکٹرز شرکت کررہے ہیں۔ امید کی جاری ہے کہ لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں بھی مداحوں کو سنسنی سے بھر پور میچز دیکھنے کو ملیں گے۔