بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ نا انصافیاں ہورہی ہیں ، کشمیر میں لوگوں کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے ،شفقت محمود

پاکستان میں سب اکٹھے ہیں ،وزیراعظم کی سوچ اور وژن کے مطابق کرتار پور کو کھولا گیا، گورو نانک یونیورسٹی بھی بنائی جا رہی ہے، وزیرتعلیم کا خطاب

منگل 18 فروری 2020 14:49

بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ نا انصافیاں ہورہی ہیں ، کشمیر میں لوگوں ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2020ء) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہاہے کہ بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ نا انصافیاں ہورہی ہیں ، کشمیر میں لوگوں کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے ، پاکستان میں سب اکٹھے ہیں ،وزیراعظم کی سوچ اور وژن کے مطابق کرتار پور کو کھولا گیا، گورو نانک یونیورسٹی بھی بنائی جا رہی ہے۔ منگل کو وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محمود نے پی این سی اے میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم سب کے مذہب زبانیں مختلف ہو سکتی ہیں تاہم ہم ہمارا دل پاکستانی ہے ۔

شفقت محمود نے کہاکہ ہم سب میں پاکستان ایک مشترکہ چیز ہے ، ہماری کوشش کہ جہاں قومی کلچر کو فروغ دے وہی علاقائی کلچر کو بھی فروغ دیا جائے۔شفقت محمود نے کہاکہ ہمیں مختلف مشکلات کا سامنا بھی ہے تاہم اس کو ہم سب نے مل کر حل کرنا ہے ۔

(جاری ہے)

شفقت محمود نے کہاکہ پاکستان میں اقلیتوں کو ہرطرح کی آزادی میسر کی ہوئی ہے ۔شفقت محمود نے کہاکہ ہندوستان میں ایسے ایسے قوانین پاس ہو رہے ہیں جہاں مسلمانوں کو حقوق نہیں دئیے جا رہے۔

وزیر تعلیم نے کہاکہ ہندوستان میں مسلمانوں کے ساتھ بہت نا انصافیاں ہو رہی ہیں ، کشمیر میں بھی لوگوں کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے ۔شفقت محمود نے کہاکہ وہاں کے لوگوں کو جیل کے برابر زندگی دی جا رہی ہے ، ہمیں شکر کرنا چاہیے کہ ہم پاکستان میں رہتے ہیں ۔ شفقت محمود نے کہاکہ پاکستان میں سب اکٹھے ہیں ایک ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم کی سوچ اور وژن کے مطابق کرتار پور کو کھولا گیا، گورو نانک یونیورسٹی بھی بنائی جا رہی ہے ۔

شفقت محمود نے کہاکہ ہم تمام اقلیتوں کو آزادی دینا چاہتے سہولیات دینا چاہتے ہیں ،ہمارا تعلیمی نظام تین طبقوں میں بٹا ہوا ہے ۔شفقت محمود نے کہاکہ سرکاری اسکول الیٹ اسکول اور مدراس میں ہم نے بچوں کو بانٹ کر رکھ دیا ہے ، ہم نے تہیہ کیا کہ ہم یہ تفریق ختم کریں گے ۔شفقت محمود نے کہاکہ ہم سب کا پاکستان ہے تو مزاہب کے علاوہ تعلیم بھی ہم سب کو برابر دینی ہے ،ہم نے یکساں نصاب تعلیم بنانا ہے ۔شفقت محمود نے کہا کہ یہ نصاب تمام پاکستان کے اسکولوں میں ہو گا ، تمام اسکولوں میں نصاب ایک ہی ہو گا ۔ شفقت محمود نے کہاکہ یہ تفریق ہم نے پاکستان سے ختم کرنی ہے۔