کسی ملک کے دفاع کیلئے اس کی ائیرفورس کا مضبوط ہونا بہت ضروری ہے‘ ایئر وائس مارشل تنویر اشرف بھٹی

اچھا افسر بننا اتنا ضروری نہیں ہے جتنا کے ایک اچھا انسان بننا ضروری ہے‘ہایئر سیکنڈری سکول میں طلبہ سے خطاب

منگل 18 فروری 2020 15:20

کسی ملک کے دفاع کیلئے اس کی ائیرفورس کا مضبوط ہونا بہت ضروری ہے‘ ایئر ..
صفدر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2020ء) کسی ملک کے دفاع کے لئے اس کی ائیرفورس کا مضبوط ہونا بہت ضروری ہے اور پاکستانی ائیر فورس دنیا کی بہترین ائیر فورس ہے،پاکستانی فورس نے ہمیشہ اپنا کردار نبھایا اور قوم کی توقعات پر پورا اتری، 1965کی جنگ ہو یا1971 کی جنگ ، 2001 کے حالات ہوں یا 2019 کی بھارتی جارحیت، پاک فضائیہ نے ہمیشہ ملک کا دفاع کیا اور قوم کی توقعات پر پوری اتری ۔

یہ بات ائیر وائس مارشل تنویر اشرف بھٹی نے گورنمنٹ ہا ئرسکینڈری سکول فاروق آباد میں طلباء اور اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر پرنسپل ادارہ حافظ محمد لطیف الرحمان،وائس پرنسپل ضیااللہ گجراور صدر پریس کلب فاروق آباد کاشف منصور بھٹی بھی موجود تھے۔ ائیروائس مارشل تنویر اشرف بھٹی نے مزید کہا کہ فروری 2019 میں ہمارے پائلٹس نے بھارت کے دو جہاز مار گرائے، خبروں میں تو ایک جہاز گرائے جانے کی خبریں زیادہ آئیں مگر ہم نے ان کے دو جہاز مار گرائے تھے جن میں سے ایک پاکستان میں گرا اور دوسرا بھارت کی حدود میں جا کے گرااور بھارت نے راتوں رات اس کا ملبہ اٹھا کر غائب کردیا تاکہ کسی کو پتہ نہ چلے۔

(جاری ہے)

تباہ ہونے والے بھارتی جہازایس یو 130 ان کے سپرئیر ترین جہاز تھے۔ جو کہ ہمارے ایف 16 کے مقابلے کے جہاز تھے جو ہمارے پائلٹس نے تباہ کئے۔ ان بہادر پائلٹس کی تربیت بھی اساتذہ کرام نے ہی کی تھی اور وہی اساتذہ انہیں اس مقام تک پہنچانے والے تھے۔تنویر اشرف بھٹی نے کہا کہ اچھا افسر بننا اتنا ضروری نہیں ہے جتنا کے ایک اچھا انسان بننا ضروری ہے کیونکہ ہر اچھا انسان، اچھا آفیسر ہوتا ہے۔

زندگی میں کامیابی کے لیے دو اصول ہیں جن میں سرفہرست ماں باپ کی عزت کرنا اور دوسرا استاد کی عزت کرنا ہے۔ماں باپ کی دعاؤں کی وجہ سے ہی آنے والی مصیبتیں ٹل رہی ہوتی ہیں،جوہمیں نظر نہیں آتی ہیں۔ والدین اور اساتذہ کی عزت کرنے میں ہی ہماری کامیابی ہے۔ استاد کا رول طالب علم کی زندگی میں بہت اہم ہوتا ہے وہی آپ کو ڈائریکشن دیتا ہے موجودہ نسل میں بہت ٹیلنٹ ہے، طلباء آگے بڑھیں اپنے استاد کی انگلی پکڑ لیں آپ کا استاد آپ کو بلندیوں تک لے جائے گا۔

نئی نسل کو اپنے راستے کا تعین کرنا ہے آپ نے خود ہی غلط اور صحیح راستے کا انتخاب کرنا ہے۔کامیابی کے لئے ایمانداری اور نیک نیتی ضروری چیزیں ہیں۔ایئر وائس مارشل تنویر اشرف بھٹی نے بتایا کہ وہ بھی گورنمنٹ ھائر سکینڈری سکول فاروق آباد کے سابق طالب علم ہیں اور 1982 میں اسی سکول سے میٹرک کیا اور اپنے اساتذہ کی تربیت کے باعث ہی آج اس مقام تک پہنچا ہوں۔ انھوں نے اس موقع پرطلبہ کے سوالات کے جواب بھی دئیے اور سیکنڈری اور ہائر بلاک میں پودے بھی لگائے۔