کمیونٹی ویلفیئر اتاشی کے طور پر تعیناتی انعام نہیں بلکہ وزارت کی طرف سے دی گئی ایک اہم ذمہ داری ہے، سیّد ذوالفقار عباس بخاری

منگل 18 فروری 2020 16:19

کمیونٹی ویلفیئر اتاشی کے طور پر تعیناتی انعام نہیں بلکہ وزارت کی طرف ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2020ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سیّد ذوالفقار عباس بخاری نے کہا ہے کہ کمیونٹی ویلفیئر اتاشی کے طور پر تعیناتی انعام نہیں بلکہ وزارت کی طرف سے دی گئی ایک اہم ذمہ داری ہے، افسران سی ڈبلیو اے کی پوسٹ کو غیر ملکی دوروں سے لطف اندوز ہونے کا ذریعہ نہ سمجھیں، بیرون ملک تعیناتی کے خواہشمند ویلفیئر افسران کا واحد مقصد برادری کی فلاح و بہبود ہونا چاہئے۔

منگل کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ قابل افسران امریکہ اور برطانیہ میں تعیناتی کے زیادہ خواہشمند ہوتے ہیں جبکہ ہمیں مشرق وسطیٰ میں فلاح و بہبود کے کام کیلئے بہترین افسران کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنا بہترین بلے باز 11 نمبر پر نہیں بھیج سکتے، افسران اپنی ذاتی تفریح سے زیادہ اپنی کمیونٹی کی فلاح و بہبود کو ترجیح دیں۔

(جاری ہے)

زلفی بخاری نے کہا کہ ویلفیئر اتاشی کی تعیناتی کے سٹیشن کا انتخاب صرف میرٹ پر مبنی ہے، پچھلے افسران کی تقرریوں میں پائی جانے والی خامیوں کو دیکھتے ہوئے انتخاب کے طریقہ کار میں تبدیلی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ 2016ء سے پہلے سی ڈبلیو اے کا انتخاب ایک صوابدیدی معاملہ تھا، پچھلی حکومتوں میں سلیکشن کے عمل میں مناسب فلٹرنگ کے عمل کا فقدان رہا ہے، اس سے فلاح و بہبود کا کام شدید متاثر ہوا اور بہت سے بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی سی ڈبلیو ایز کے وجود سے بے خبر تھے۔

انہوں نے کہا کہ وزارت کمیونٹی ویلفیئر اتاشیوں کی تعیناتی کیلئے صوابدید پر میرٹ کو زیادہ ترجیح دے رہی ہے، ویلفیئر افسران کے انتخاب کیلئے سخت سکریننگ کے عمل کو مدنظر رکھا گیا ہے، 'صحیح ملازمت کیلئے صحیح شخص کی پالیسی پر عمل کیا گیا ہے۔