وزیرِاعظم کا سمگلنگ کی روک تھام کیلئے ملک بھر میں بڑے پیمانے پر فوری کریک ڈاؤن کا حکم

وزیرِاعظم عمران خان کی زیر صدارت کھانے پینے کی چیزوں اور دیگر اشیاء کی سمگلنگ کی روک تھام کے حوالہ سے اجلاس، آئی بی، آئی ایس آئی اور ایف آئی اے کو سمگلنگ کے خلاف مؤثر کریک ڈائون کی مانیٹرنگ رپورٹ باقاعدگی سے پیش کرنے کی ہدایت

منگل 18 فروری 2020 16:59

وزیرِاعظم کا سمگلنگ کی روک تھام کیلئے ملک بھر میں بڑے پیمانے پر فوری ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2020ء) وزیرِاعظم عمران خان نے سمگلنگ کی روک تھام کیلئے ملک بھر میں بڑے پیمانے پر فوری کریک ڈاؤن کا حکم دیا ہے جبکہ آئی بی، آئی ایس آئی اور ایف آئی اے کو سمگلنگ کے خلاف مؤثر کریک ڈائون کی مانیٹرنگ رپورٹ باقاعدگی سے پیش کرنے اور بلوچستان میں بارڈر مارکیٹس کے قیام کے منصوبہ کی رفتار کو تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق منگل کو وزیرِاعظم عمران خان کی زیر صدارت کھانے پینے کی چیزوں اور دیگر اشیاء کی سمگلنگ کی روک تھام کے حوالہ سے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی مخدوم خسرو بختیار، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری نیشنل فوڈ سکیورٹی، قائم مقام چیئرمین ایف بی آر، صوبائی ہوم سیکرٹریز و دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے وزارتِ داخلہ، قانون نافذ کرنے والے وفاقی و صوبائی اداروں، ایف بی آر، صوبائی حکومتوں کو مشترکہ طور پر سمگلنگ کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت کی جبکہ وزارت داخلہ کو حکم دیا کہ وہ آئندہ 48 گھنٹوں میں کئے جانے والے اقدامات اور جامع لائحہ عمل پر مبنی رپورٹ پیش کرے۔ وزیراعظم نے سمگلنگ کی روک تھام کیلئے بنائی جانے والی ٹاسک فورس کی سفارشات کو مدنظر رکھتے ہوئے قلیل المدت، وسط مدتی اور طویل المدت اقدامات شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے آئی بی، آئی ایس آئی اور ایف آئی اے کو سمگلنگ کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن کی مانیٹرنگ رپورٹ باقاعدگی سے پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔ اس موقع پر اجلاس میں مغربی سرحدوں پر بارڈر مارکیٹس کے قیام میں پیشرفت کی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بلوچستان میں بارڈر مارکیٹس کے قیام پر پیشرفت کی رفتار کو تیز کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ فوڈ آئٹمز کی سمگلنگ سے قیمتوں میں اضافہ اور عام آدمی تکالیف کا شکار ہوتا ہے جو کسی صورت قبول نہیں، سمگلنگ کی وجہ سے ملکی معیشت کو اربوں روپے کا نقصان پہنچ رہا ہے، سمگلنگ کی مؤثر روک تھام قومی مفاد کا معاملہ ہے اس میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی تیل کے حوالہ سے جامع پالیسی تشکیل دی جائے، سمگلنگ کی روک تھام کیلئے ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جائے۔