Live Updates

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کرتار پورراہدری کا دورہ، بھارت میں اقلیتیں شہریت کے متنازعہ قانون کے خلاف سراپا احتجاج ہیں

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا چترال پریس کلب کے نو منتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری سے خطاب ، صحافیوں سے گفتگو

منگل 18 فروری 2020 17:09

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کرتار پورراہدری کا دورہ، بھارت میں اقلیتیں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2020ء) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ عالمی برادری بھارت میں متنازعہ شہریت قانون اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں دیکھ رہی ہے،اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کرتار پورراہدری کا دورہ، بھارت میں اقلیتیں شہریت کے متنازعہ قانون کے خلاف سراپا احتجاج ہیں، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستانی حکومت اقلیتوں کو سینے سے لگائے ہوئے ہے جبکہ بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کی تذلیل کررہی ہے، بھارت کے اندر مسلمانوں اور اقلیتوں کے موقف کو لاٹھی گولی کی سرکار بھی نہیں کچل سکی ، بھارتی حکومت کرفیو زدہ کشمیر میں اقوام متحدہ کی قرارداوں کا مذاق اڑا رہی ہے، وقت آگیا ہے کہ مظلوم کشمیری کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے بیانات، مذمت اور تحفظات کو باضابطہ طور پر عملی اقدامات میں بدلتا ہوا دیکھیں، اپوزیشن میں بیٹھے ہوئے سیاسی کھلاڑیوں سے اپیل ہے کہ پی ایس ایل سے سبق سیکھتے ہوئے سیاسی گرائونڈ میں سیاسی پنجہ آزمائی کے لئے سیاسی میچ کا انتظار کریں ۔

(جاری ہے)

وہ منگل کو پی آئی ڈی میں چترال پریس کلب کے نو منتخب عہدیداران کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کر رہی تھیں ۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کشمیر اور پاکستان کے حوالے سے جو الفاظ ادا کیے ہیں اور ہمارے بیانیے کو قانون اور حق کے بیانیے کے ساتھ جوڑتے ہوئے جو موقف اور بیان دیا ہے اس پر ان کے شکر گزار ہیں اور ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ان کا بیانیہ جو کشمیریوں کے موقف کی جیت ہے کا ہم سب دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خیر مقدم کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کرتار پورراہدری میں اقلتیوں کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لے رہے ہیں تو دوسری جانب جامعہ ملیہ کے طلباء اور اساتذہ اور مسلمانوں سمیت تمام اقلیتیں یک طرفہ بھارتی اقدامات کو مسترد کر رہی ہیں اور شہریت کے متنازعہ قانون کے خلاف سراپا احتجاج ہیں،گولی لاٹھی کی بھارتی سرکار بھی ان کے موقف کوکچلنے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری دونوں ممالک کے اقدامات کا جائزہ لے ، ایک طرف حکومت پاکستان وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں اقلیتوں کوسینے سے لگا کر ان کے حقوق کے ضامن بن کر مذہبی ،شخصی، آئینی اورقانونی آزادیوں کو یقینی بنائے ہوئے ہیں تودوسری طرف بھارتی حکومت کشمیر میںمسلسل چھ ماہ سے زیادہ عرصہ سے کرفیو نافذ کرکے اقوام متحدہ کی قراردادوں کا مذاق اڑا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی طرف سے پناہ گزینوں اورافغان مہاجرین کے حوالے سے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا جا رہا ہے ،اس معاشرے کا مثبت پہلودنیا کے سامنے اجاگر ہوا ہے، دنیا میں پاکستان کے اصل تشخص کواجاگر کرنے پر اقوام متحدہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے کی ترقی اور خوشحالی کا ضامن ہے، پاکستان سے جو امن کی شمع روشن ہوئی ہے اس کے خطے پر مثبت اثرات مرتب ہورہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ گلوبل وارمنگ خطے کا بڑا مسئلہ ہے، دنیا موسمی اثرات کی زد میں ہے، سب مل کر اس بڑے چینلج سے نمٹنے کے لئے کام کریں گے تو سب کا فائدہ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پی ایس ایل چند دنوں کی دوری پر ہے، پی ایس ایل کے میچز ہونے جارہے ہیں کرکٹ کے ویران میدان روشنیوں اور امنگوں کے ترجمان بن کر آباد ہورہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ امن ہماری اصل طاقت ہے ،پاکستان میں امن کی بحالی کے بعد عالمی ٹیموں نے پاکستان کا رخ کیا، دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے پاکستان کو سیاحت کے حوالے سے محفوظ مقام قرار دیا ہے۔

یہ اور دنیا کی پاکستان کے حوالے سے بدلتی ہوئی ٹریول ایڈوائزری حقیقی تبدیلی ہے، اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری دفتر سے ماضی میں پاکستان کے سفر سے گریز کی ایڈوائزری جاری ہوتی تھی عالمی اداوں نے پاکستان میں دفاتر بند کر دیئے تھے ، نئے پاکستان میں میں وزیراعظم کی امن کی کوششوں کو دنیا پذیرائی مل رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کی نظروں میں بدل چکا ہے ،مثبت تبدیلی امن کے ساتھ جڑی ہے ، امن لانے کے لئے ہماری مسلح افواج ،قانون نافذ کرنے والے اداروں ،سکیورٹی فورسز، میڈیا اور عوام کا کلیدی کردار ہے، امن کے پیچھے شہداء کا لہو ہے ،جن کو ہم کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔

امن کا سہرا ان شہداء کے سر ہے ۔ انہوں نے چترال پریس کلب کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکبادپیش کرتے ہوئے کہا کہ صحافی ذمہ داریاں پوری کرنے کے لئے ہر مشکل محاذ پر کھڑے ہوتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دور دراز پریس کلب اورپسماندہ علاقے کے صحافیوں کی تکلیفوں سے آگاہ ہے۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سندھ میں صحافیوں کی آواز کو دبانے کی شدید مذمت کرتے ہیں ، مرحوم صحافی کے اہلخانہ کو یقین دلاتے ہیں کہ انھیں مکمل انصاف ملے گا اور ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، وزیراعظم عمران خان نے آئی جی سندھ سے آئندہ 72گھنٹوں میں رپورٹ طلب کی ہے، وزیراعظم نے پی ٹی آئی سندھ کے صدر علیم خان کو ہدایت کی ہے کہ وہ صحافی کے اہلخانہ سے ملاقات کریں اور انھیں یقین دہانی کرائیں کہ ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کی مشترک سرحدوں کے ساتھ ہمارے دل بھی جڑے ہوئے ہیں، وزیراعظم عمران خان امن کے داعی ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات