مصباح الحق 38 دن پی سی بی سے تنخواہ نہیں لیں گے

اسلام آباد یونائیٹڈ سے وابستہ قومی ہیڈ کوچ،باولنگ کوچ وقار یونس سمیت پی ایس ایل سے وابستہ دیگر ملازمین کولیگ کےدوران کرکٹ بورڈ سے ایک پیسا نہیں ملے گا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 18 فروری 2020 17:25

مصباح الحق 38 دن پی سی بی سے تنخواہ نہیں لیں گے
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18فروری2020ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )کےوہ ملازمین جو پاکستان سپر لیگ کی مختلف فرنچائز اور دیگر شعبوں میں کام کررہے ہیں، کو بورڈ سے38 دن کی تنخواہ نہیں ملے گی۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق اسلام آباد یونائیٹڈکے ہیڈ کوچ ہیں۔ بولنگ کوچ وقار یونس کمنٹری کریں گے۔ منیجر منصور رانا لاہور قلندرز کے بولنگ کوچ ہیں، قومی سلیکٹر ارشد خان پشاور زلمی، قومی اکیڈمی کے کوچ مہتشم رشید پشاور زلمی سے وابستہ ہیں۔

پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے تمام ملازمین کے بارے میں اپنے فنانس ڈپارٹمنٹ کو آگاہ کردیا ہے کہ ان ملازمین کو ٹورنامنٹ کے تین دن پہلے اور تین دن بعد 17 فروری سے 25 مارچ تک کوئی تنخواہ نہیں ملے گی، جن ملازمین کو پی ایس ایل میں کام کرنے کی اجازت ملی ہے ان کو فرنچائز معاوضہ ادا کریں گی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام پاکستان سپر لیگ کا پانچواں ایڈیشن 20 فروری سے شروع ہوگا جسکے تمام میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے اور یہ پہلی مرتبہ ہوگا جب پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان کی سرزمین پر کھیلے جائیںگے۔

2016ء سے شروع ہونے والی لیگ درجہ بدرجہ پاکستان منتقل ہوئی۔ لیگ کے پہلے ایڈیشن کے تمام میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے تاہم ایونٹ کے دوسرے ایڈیشن میں ٹورنامنٹ کو پاکستان لانے کا آغاز کیا گیا تھا۔ لیگ میں دنیا بھر کر نامور کھلاڑی ایکشن میں نظر آئینگے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکی ٹیم لیگ میں ٹائٹل کا دفاع کریگی۔لیگ میں 6 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزما ہونگی جن کے درمیان 34 میچز مخلتف وینیو پر کھیلے جائیںگے، ابتدائی میچ 20 فروری کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا، لیگ میں شامل 6 ٹیموں جن میں اسلام آباد یونائیٹڈ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، کراچی کنگز، لاہور قلندرز، پشاور زلمی اور ملتان سلطانز شامل ہیں فائنل سمیت 34 میچز کھیلے جائیں گے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت شاداب خان کرینگے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کپتانی سرفراز احمد کرینگے، کراچی کنگز کی کمان عماد وسیم کو سونپی گئی ہے ، لاہور قلندرز سہیل اختر کی زیر قیادت میدان میں اترے گی، پشاور زلمی کی قیادت ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی ڈیرن سمی کرینگے جبکہ ملتان سلطانز ٹیم کی قیادت شان مسعود کرینگے۔ لیگ کے کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں عروج پر ہیں اور اپنے اختتامی مراحل میں داخل ہیں۔

لیگ کے 14 میچز لاہور، 9 کراچی، 8 راولپنڈی اور 3 ملتان میں کھیلے جائیں گے۔ لیگ کا فائنل میچ 22مارچ کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کا افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں اس سے قبل لیگ کے پہلے ایڈیشن کے افتتاحی میچ میں بھی مدمقابل آئی تھیں۔ لیگ میں دنیا بھر کے نامور کرکٹرز شرکت کررہے ہیں۔ امید کی جاری ہے کہ لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں بھی مداحوں کو سنسنی سے بھر پور میچز دیکھنے کو ملیں گے۔