سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کا نارروال میں کرتارپور کوریڈور کا دورہ

خطہ میں امن اور بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے کرتارپور کوریڈور کھولنے پر پاکستان کے کردار کو سراہا پاکستان کی طرف سے امن کے فروغ کیلئے یہ ایک احسن عملی اقدام ہے، علاقائی رواداری کو فروغ ملے گا، انتونیو گوتریس

منگل 18 فروری 2020 17:40

سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کا نارروال میں کرتارپور کوریڈور کا دورہ
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2020ء) سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیوگوتریس نے خطہ میں امن اور بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے کرتارپور کوریڈور کو کھولنے پر پاکستان کے کردار کوسراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پاکستان کی طرف سے امن کے فروغ کیلئے ایک احسن عملی اقدام ہے جس سے علاقائی رواداری کو فروغ ملے گا، پاکستان نے بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے مثالی کام کیا ہے، کرتارپور پراجیکٹ پوری دنیا کیلئے بین المذاہب ہم آہنگی کی عملی تصویر ہے،پاکستان آکر اپنایت کا احساس اور گھر جیسا محسوس کر رہا ہوں۔

یہ بات انہوں نے منگل کی سہ پہر نارروال کے قریب واقع دربار کرتارپور کے دورہ کے دوران کہی۔ اس موقع پر انہوں نے سکھ برادری کو پاکستانی حکومت کی طرف سے فراہم کردہ سہولیات کی تعریف بھی کی۔

(جاری ہے)

قبل ازیں ان کی آمد پر وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری، پاکستانی سکھ گوردوارہ پر بندھک کمیٹی اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے عہدیداروں نے کرتارپور صاحب میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا استقبال کیا اور ایک سکھ بچے کی طرف سے انہیں گلدستہ بھی پیش کیا گیا۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو پاکستانی حکومت کی طرف سے سکھ برادری کو فراہم کی جانیوالی سہولیات اورپاکستان بھارت کے درمیان کرتارپور راہداری معاہدے سے بھی آگاہ کیا گیا۔ انتونیو گوتریس کو بتایا گیا کہ وزیراعظم عمران خان نے یہ پہل قدمی ہندوستان کی سکھ برادری کی سہولت اور ان کے مقدس مقدمات کی زیارت کیلئے کی ہے۔ کرتارپور دورے کے دوران انتونیو گوتریس نے گوردوارہ کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور انہیں سکھوں اور پاکستانی عہدیداروں کی طرف سے روایتی کھانے بھی پیش کئے گئے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا کہ کرتارپور راہداری پراجیکٹ کو 10 ماہ کی قلیل مدد میں مکمل کیا گیا، راہداری کا مقصد سکھ مذہب کے مقدس ترین مقام تک با سہولت رسائی دینا ہے ۔ اس موقع پر بھارتی سکھوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔