Live Updates

ٹماٹر 400 روپے سے 5 روپے کلو پر آ گیا

ضلع بدین سندھ میں ایک ماہ قبل ٹماٹر چار سو روپے فی کلو فروخت ہو رہا تھا،متعدد کاشتکاروں نے ٹماٹر منڈی میں فروخت کی بجائے کچرے کے ڈھیر کی نذر کر دئیے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 18 فروری 2020 17:37

ٹماٹر 400 روپے سے 5 روپے کلو پر آ گیا
بدین (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-18فروری2020ء) ضلع بدین سندھ میں ایک ماہ قبل چار سو روپے فی کلو قیمت پر فروخت ہونے والا ٹماٹر 5 روپے فی کلو بکنے لگا۔بھاؤ نہ ہونے کے سبب کوڑے دانوں پر ٹماٹروں کے ڈھیر لگ گئے۔بدین سمیت ملک بھر میں صرف ایک ماہ قبل چار سو روپے فی کلو کی ہوشربا قیمت پر فروخت ہونے والا ٹماٹر شدید ناقدری کا شکار ہو کر پانچ روپے فی کلو ہو گیا ہے جس کے باعث متعدد کاشتکاروں نے ٹماٹر منڈی میں فروخت کی بجائے کچرے کے ڈھیر کی نذر کر دئیے ہیں۔

کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ اب انہیں ٹماٹر کی اتنی قیمت بھی نہیں ملتی کہ کھیت سے منڈی تک فراہمی کا کرایہ پورا ہو۔اس لیے اکثر مقامات پر اب ٹماٹر مویشیوں کی خوراک بن گیا ہے۔کاشتکاروں کے مطابق خریدوفروخت میں عدم توازن ،حکومتی عدم توجہی کے باعث ٹماٹر کے کاشتکاروں کی اکثریت اور زرعی شعبہ تباہی سے دوچار ہے۔

(جاری ہے)

جب کہ اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب ٹماٹر ۳۰۰ روپے کلو تھا تو خبروں کی جان تھا اب ۳۵ روپے کلو ہے تو ہر خبر سے below ہے۔

۔ علاوہ ازیں سوشل میڈیا پر بھی صارفین کی گرما گرم بحث جاری ہے، ایک ٹوئیٹر صارف کے مطابق اگر ٹماٹر عمران خان نے مہنگے کیے تھے تو سستے کس نے کیے؟۔ خیال رہے کہ ایک ایسا وقت بھی آیا تھا جب ٹماٹر کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئی تھیں۔ سرگودھا میں ٹماٹر 25 روپے کلو مہنگے فروخت کرنے پر سبزی فروش کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق سرگودھا کی تحصیل سائیوال میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹ نعیم جانثار مارکیٹ میں مصنوعی مہنگائی کے خلاف مہم میں اشیاء کے نرخ چیک کر رہے تھے کہ ایک سبزی فروش محمد عمران کو سرکاری ریٹ 55 روپے کلو کی بجائے 80 روپے کلو فروخت کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔جس پر تھانہ سائیوال نے سپشل پرائس مجسٹریٹ کی مدعیت میں سبزی فروش محمد عمران کے خلاف 3/7پرائس کنٹرول ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات