مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکا لنے کا معا ملہ، نیب کو نوٹس جا ری،سماعت 25 فروری تک ملتوی

منگل 18 فروری 2020 18:20

مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکا لنے کا معا ملہ، نیب کو نوٹس جا ری،سماعت ..
لاہور۔18 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2020ء) لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی تازہ ترین میڈیکل رپورٹس کو مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے کیس کا حصہ بنانے کیلئے متفرق درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 25 فروری تک ملتوی کردی۔ جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے مریم نواز کی متفرق درخواست پر سماعت کی۔

عدالت کے روبرو مریم نواز کے وکیل امجد پرویز نے موقف اختیار کیا کہ ڈاکٹرز نے نواز شریف کی انجیو گرافی جلد از جلد کروانے کی سفارش کی ہے، ایسی صورت میں مریم نواز کا ان کے پاس ہونا ضروری ہے، نوازشریف کی میڈیکل رپورٹ دو صفحات پر مشتمل ہے۔رپورٹ میں نوازشریف کی کورونری انجیو گرافی جلد از جلد کروانے کی سفارش کی گئی ہے جس میں کہا گیا کہ نواز شریف کی اگر کورونری انجیو گرافی نہ کرائی گئی تو ان کی جان کو خطرہ ہے۔

(جاری ہے)

نواز شریف کے دل کو خون کی روانی تسلسل سے نہیں ہو رہی۔نوازشریف کے غیر متوازن پلیٹلیٹس کی وجہ سے ان کا علاج موخر ہو رہا ہے۔نواز شریف کے پلیٹلیٹس اب ٹھیک ہیں، اسی لئے کنسلٹنٹ ہیماٹالوجسٹ ڈاکٹر کاظمی سے 24 فروری کا وقت لیا گیا ہے۔ڈاکٹر کاظمی سے مشورے کے بعد نواز شریف دل کے علاج کی طرف جائیں گے۔نوازشریف کو علاج کے لیے برطانیہ میں طبی ماہرین کی زیر نگرانی رہنا چاہیے۔درخواست میں نواز شریف کی تازہ ترین میڈیکل رپورٹس کو ریکارڈ کا حصہ بنانے کی استدعا کی گئی ہے۔