وزیر جیل خانہ جات آزاد کشمیر کا ڈسٹرکٹ جیل کوٹلی کا دورہ،قیدیوں کے مسائل سننے کے بعد موقع پر احکا مات جاری کیے

منگل 18 فروری 2020 19:01

کوٹلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2020ء) آزاد جموں وکشمیر کے وزیر جیل خانہ جات چوہدری محمد اسحاق نے ڈسٹرکٹ جیل کوٹلی کا دورہ کیا۔دورہ کے دوران انہوںنے قیدیوں کے مسائل سننے کے بعد موقع پر احکا مات جاری کیے۔ قیدیوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی، علاج معالجہ کے انتظام اور بنیاد ی حقوق کے تحفظ کے علاوہ ایسے قیدی ،حوالاتی جن کا ہسپتالوں میں معائنہ کروانا ضروری ہے ان کو فوری طور پر ہسپتال لے جانے اور معائنہ کروانے کا انتظام کیا جائے قیدیوں کے حقو ق کا تحفظ اور ان کو جائز سہولیات فراہم کرنا ہماری حکومت کی اولین ترجیحات ہیں جن کو پورا کیا جارہا ہے جیل میں قیدیوں کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق معیاری کھانے پینے کی اشیاء،صفائی و ستھرائی کو یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

جیل سیکورٹی سسٹم کو مزید موثر بنا یا جائے اور قیدیوں کے ساتھ برابری کا سلوک کیا جائے تمام امور قانون و قاعدے کے مطابق سرانجام دیئے جائیں اگر کسی بھی قیدی کے ساتھ قانون سے ہٹ کر کوئی رعایت دی گئی تو متعلقہ جیل حکام پر اس کی ذمہ داری ہوگی جیل حکام قیدیوں کو جرائم کے ترک کرنے کے حوالے سے تربیت کریں تاکہ جیل کی سزا کاٹنے کے بعد وہ معاشرے میں اچھے شہری کے طور پر اپنی زندگی گزار سکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے ڈسٹرکٹ جیل کوٹلی کے دورہ کے دوران جیل حکام،جیل کی بارکوں کا معائنہ اور قیدیوں کے مسائل سننے کے موقع پرگفتگو کرتے ہوے کیا۔ اس موقع پر جیل سپرنٹنڈنٹ سردار محمدافتخار ، اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل راجہ یونس کے علاوہ دیگر جیل حکام بھی موجود تھے جیل سپرنٹنڈنٹ سردارمحمد افتخار نے وزیر جیل خانہ جات چوہدری محمد اسحاق کو جیل بارے تفصیلا بریفنگ بھی دی وزیر جیل خانہ جات چوہدری محمد اسحاق نے جیل کا تفصیلی معائنہ کیا قیدیوں اور حوالاتیوں کے مسائل سنے۔

جیل خانہ جات میں قیدیوں کو فراہم کیے جانیوالے کھانے اور صفائی و ستھرائی کے معیار کو بہتر رکھنے پر جیل حکام کی کارکردگی کو سراہا۔انھوں نے کہا کہ قیدیوں کو علاج معالجہ کی سہولیات مہیا کی جائیں اور قیدیوں کے ساتھ قانون اور ضابطہ کے مطابق برتاؤ کیا جائے۔انھوں نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت کی کہ جیل کی سیکورٹی سسٹم کو مزید موثر بنایا جائے اور قیدیوں کی مانیٹرنگ کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

قیدیوں اور حوالاتیوں کو جیل مینول کے مطابق قانونی راہنمائی کے لیے متعلقہ وکلاء اور روثا ء تک رسائی میں معاونت کی جائے انھوں نے جیل سپرٹینڈنٹ کو ہدایت دی کہ احاطہ جیل میں قیدیوں اور غیر متعلقہ افراد کوغیر قانونی موبائل فون استعمال کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔وزیر جیل خانہ جات چوہدری محمد اسحاق جب ڈسٹرکٹ جیل کوٹلی پہنچے تو پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔