حماس نے خوبصورت لڑکیوں کی تصاویر لگا کر ہمارے درجنوں فوجیوں کے موبائل ہیک کر لیے ہیں، اسرائیلی فوج کا اعتراف

حماس کے کارکنان درجنوں اسرائیلی فوجیوں کے موبائل فونز تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے، تین سال میں ایسا تیسری بار دھوکہ ہوا ہے ، لیفٹیننٹ کرنل

منگل 18 فروری 2020 23:22

حماس نے خوبصورت لڑکیوں کی تصاویر لگا کر ہمارے درجنوں فوجیوں کے موبائل ..
یروشلم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 فروری2020ء) اسرائیلی فوج نے اعتراف کیا ہے کہ فلسطین کی آزادی کے لیے جدوجہد کرنے والی تنظیم ’حماس‘ نے خوبصورت لڑکیوں کی تصاویروں سے درجنوں فوجیوں کے موبائل فونز تک رسائی حاصل کرلی تھی۔یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ اسرائیلی فوج نے تسلیم کیا ہو کہ حماس نے خوبصورت اور نیم عریاں لڑکیوں کی تصاویر میں بھیجے گئے وائرس سسٹم سے فوجیوں کے موبائل فونز تک رسائی حاصل کی ہو۔

اس سے قبل بھی اسرائیلی فوج یہ اعتراف کرتی رہی ہے کہ حماس مختلف حربوں کے ذریعے اسرائیلی فوجیوں کے ذاتی موبائل فونز تک رسائی کرنے کی کوشش کرتی رہی ہے۔تین سال قبل 2017 میں بھی اسرائیلی فوج نے اعتراف کیا تھا کہ حماس کے کارکنان نے خوبصورت لڑکیوں کی تصاویر اسرائیلی فوجیوں کو بھیج کر ان کے موبائل تک رسائی کرلی تھی۔

(جاری ہے)

اور اب ایک بار پھر اسرائیلی فوج کے اعلیٰ حکام نے اعتراف کیا ہے کہ تازہ واقعے میں بھی حماس نے ان کے فوجیوں کے ذاتی موبائل تک رسائی حاصل کرلی۔

اسرائیلی فوج کے لیفٹنٹ کرنل جوناتھن کونرکس نے اعتراف کیا کہ حماس کے کارکنان درجنوں اسرائیلی فوجیوں کے موبائل فونز تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔اسرائیلی فوج کے افسر کے مطابق گزشتہ ساڑھے تین سال میں یہ تیسرا موقع ہے کہ حماس نے خوبصورت اور نیم عریاں لڑکیوں کی تصاویر کے ذریعے اسرائیلی فوجیوں کو دھوکا دیا۔ان کے مطابق سائبر کرائم میں حماس کے کارکنان تیزی سے مہارت حاصل کر رہے ہیں اور اس بار وہ درجنوں اسرائیلی فوجیوں کے موبائل فونز کے ذاتی ڈیٹا اور نمبرز تک پہنچ گئے تھے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ ابتدائی طور پر حماس کی جانب سے اسرائیلی فوجیوں کے پاس سوشل میڈیا ایپس کے ذریعے خوبصورت اور پرکشش لڑکیوں کی جانب سے تعلقات بڑھانے کی درخواست بھیجی جاتی ہے، جسے قبول کرنے کے بعد معاملہ مزید پیچیدہ بن جاتا ہے۔جوناتھن کونرکس کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوجیوں کے پاس واٹس ایپ، ٹیلی گرام، فیس بک اور انسٹاگرام کے ذریعے خواتین کی صورت میں وائرس کو بھیجا گیا اور اسرائیلی فوجی لڑکیوں کی تصاویر دیکھ کر فریفتہ ہونا شروع ہوگئے۔