سابق حکمرانوں نے گجرات میں میگا پراجیکٹس تو ایک طرف عوام کو بنیادی سہولتیں بھی فراہم نہیں کی: چودھری مونس الٰہی

منگل 18 فروری 2020 23:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 فروری2020ء) پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی رہنما و ممبر قومی اسمبلی چودھری مونس الٰہی نے گجرات میں مصروف دن گزارہ ۔ ان سے یونین کونسل مچھیانہ کے چودھری مہدی خاں نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی اور اپنی یونین کونسل کے دیرینہ مسائل سے آگاہ کیا۔ وفد میں اصغر علی نمبردار، محمدخاں نمبردار، چودھری شاہ جہاں بابر،چودھری اکرم ، حاجی امین ، خالد نمبردار ،چودھری اظہر خاں ،چودھری سجاد حسین اور چودھری مبشر مچھیانہ شامل تھے ۔

چودھری مونس الٰہی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے دس سالوں میں سابق حکمرانوں نے گجرات میں میگا پراجیکٹس تو ایک طرف انہوں نے عوام کو بنیادی سہولتیں بھی فراہم نہیں کی۔ چودھری پرویز الٰہی کے دور میں جو ترقیاتی کام ہوئے تھے اس کے بعد پورے ضلع میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوا ۔

(جاری ہے)

یہی وجہ ہے کہ آج تمام یونین کونسل میں مسائل کے انبار لگے ہوئے ہیں۔

ٹوٹی سڑکیں ، سیوریج کا بد ترین نظام ن لیگ کے دور کی یاد تازہ کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے اپنی محبت کا اظہار جو ہمارے خاندان کے ساتھ کیا ہے اس کو ہم کبھی نہیں بھولا سکتے ۔ اپنے بڑوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے میری پہلی ترجیح عوام کو سہولیات فراہم کرنا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ ہم نے حلقہ این اے 69 کی تمام یونین کونسلز میں ترقیاتی کام شروع کروا دیئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یونین کونسل مچھیانہ کے مسائل کو حل کرنا میری پہلی ترجیح ہو گی۔ چودھری مونس الٰہی نے وفد کو یقین دلایا کہ آپ کو تمام بنیادی سہولتیں جلد فراہم کر دی جائیں گی۔