کراچی میں زہریلی گیس پھیلنے کا معاملہ، ماسک بھی مہنگے ہوگئے

فیس ماسک کی قیمت 120 سے بڑھ کہ 530 روپے ہو گئی، لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا

Usama Ch اسامہ چوہدری منگل 18 فروری 2020 21:03

کراچی میں زہریلی گیس پھیلنے کا معاملہ، ماسک بھی مہنگے ہوگئے
کراچی (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 18 فروری 2020) : کراچی میں زہریلی گیس پھیلنے کا معاملہ، ماسک بھی مہنگے ہوگئے، فیس ماسک کی قیمت 120 سے بڑھ کہ 530 روپے ہو گئی، متاثرین کو شدید مشکلات کا سامنا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں پھیلی زہریلی گیس سے جاں بحق افراد کی تعداد 14 ہوگئی ہے اورخواتین و بچوں سمیت 150 سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔
واضع رہے کہ کراچی کے علاقے کیماڑی میں گیس سے بھرے کنٹینروں سے زہریلی گیس پورے علاقے میں پھیل گئی تھی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کمشنر کراچی سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی تھی۔ انہوں نے ہدایت کی تھی کہ ڈی سی ایز اور ایس پی ایز اپنے سٹاف کے ساتھ ملکر عوام کی مدد کریں۔ متاثرہ افراد کو جناح ہسپتال اور عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا جائے، ان دونوں ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی تھی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر علی زیدی نے کہاتھا کہ کیماڑی میں چار افراد کے جاں بحق ہونے کا سن کرافسوس ہوا، واقعے کی تحقیقات کی جائیں گی۔

دوسری جانب کیماڑی میں زہریلی گیس پھیلنے کے معاملے پر پولیس نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ لوگوں کی موت کا سبب بنے والی زہریلی گیس کراچی بندرگاہ پر موجود بحری جہاز میں سویا بین کو آف لوڈنگ کی وجہ سے پھیلی ہے۔ حکام نے بتایا تھا کہ لوڈنگ کے عمل کے دوران یہ گیس ہوا کے ساتھ مل کر اردگرد کی آبادی میں چلی جاتی ہے جس کے بعد لوگ اس سے متاثر ہوتے ہیں۔ حکام نے بتایا تھا کہ آف لوڈنگ کا کام روک دیا گیا ہے۔ تازہ اطلاعات کے مطابق زہریلی گیس سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ گیس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق گیس سے جاں بحق افراد کی تعداد 14 ہو گئی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 300 تک جا پہنچی ہے۔