ایس ایس پی لاہور مفخرعدیل کو بچانے کی کوشش کی جارہی ہے

انکو کیس سے نجات دینے کی کوشش پولیس کے ہی اعلیٰ افسران کر رہے ہیں، انہی کے ساتھی اس میں ملوث ہیں: سینئر صحافی رانا عظیم کا دعویٰ

Usama Ch اسامہ چوہدری بدھ 19 فروری 2020 00:32

ایس ایس پی لاہور مفخرعدیل کو بچانے کی کوشش کی جارہی ہے
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین 18 فروری 2020) : ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے سینئر صحافی رانا عظیم نے دعویٰ کیا ہے کہ ایس ایس پی لاہور مفخرعدیل کو بچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ انکو کیس سے نجات دینے کی کوشش پولیس کے ہی اعلیٰ افسران کر رہے ہیں، انہی کے ساتھی اس میں ملوث ہیں۔ انھوں نے کہا کہ میں بڑے دعوے کے ساتھ کہتا تھا کہ ایس ایس پی لاہور محفوظ ہاتھوں میں ہے۔

انھوں نے کہا کہ قتل کے بعد اس گھر سے بدبو آئی تو 15پر کال گئی، پھر ایک شخصیت کے کہنے پر واسا کی گاڑی اس گھر میں گئی اور پورے گھر کو دھویا گیا، گھر کو صاف کرنے کے بعد مذکورہ گھر سے بیشتر سامان شفٹ کیا گیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ لاش اور آلہ قتل نہیں ملے گا تو ایس ایس پی لاہور آکر یہ کہہ دینگے کہ انکا دوست اسد بھٹی جھوٹ بول رہا ہے کیونکہ کسی بھی قتل کو ثابت کرنے کیلئے لاش اور آلہ قتل کا ملنا ضروری یوتا ہے۔

(جاری ہے)

واضع رہے کہ ایس ایس پی لاہور مفخر عدیل لاپتہ کیس کی تحقیقات میں مزید تفصیلات سامنے آئی تھیں۔ بتایا گیا تھا کہ مفخر عدیل نے 3 شادیاں کر رکھی تھیں۔ ایک بیوی ناروال میں رہائش پذیر تھی۔ جبکہ دوسری بیوی آسیہ اور تیسری بیوی عیزہ نامی خاتون ہے۔ مفخر عدیل اپنا تمام خرچہ عیزہ سے لیتا تھا۔ جبکہ آسیہ کو ماہانہ 25 ہزار روپے دیا کرتا تھا۔ بتایا گیا تھا کہ دوسری بیوی آسیہ سے شادی ہونے کا معلوم ہونے کے بعد عیزہ اور مفخر عدیل کے درمیان ناراضگی چل رہی تھی۔

جبکہ یہ انکشاف بھی ہوا تھا کہ مفخر عدیل نے دوسری بیوی عاسیہ کے ایک ملازم سے تیزاب کے 2 ڈرم بھی منگوائے تھے۔مفخر عدیل نے ایک سی ایس ایس اکیڈمی بھی بنا رکھی تھی جہاں خواتین کو لایا جاتا اور پھر ان خواتین سے شادی بھی کر لیتا تھا۔ ان ہی معاملات کی وجہ سے مفخر عدیل کے عیزہ سے تعلقات کشیدہ تھے۔ بعد ازاں پھر عیزہ کے ہاں بیٹے کی پیدائش کے بعد مفخر عدیل نے تیسری بیوی کیساتھ تعلقات بہتر کر لیے تھے۔

مفخر عدیل جس روز فرار ہوا اس سے کچھ روز قبل بھی اس نے عیزہ سے ایک لاکھ روپے کی رقم لی تھی اور اسی رقم سے فیصل ٹاون میں ایک گھر کرایہ پر حاصل کیا تھا جہاں غیر اخلاقی پارٹیوں کا انعقاد کیا جاتا تھا۔ دوسری جانب پولیس نے بتایا تھا کہ مفخر عدیل کے قریبی دوست اسد بھٹی کے موبائل فون سے اہم تفصیلات مل گئی ہیں۔ پولیس نے مفخر عدیل کی گمشدگی کی تحقیقات کے دوران ان کے دوست اسد بھٹی کو حراست میں لیا۔

جس کے موبائل سے 7فروری کو ہونے والی پارٹی کی تفصیلات مل گئیں۔ گرفتار ملزم اسد بھٹی نے شہباز تتلا کے قتل کا انکشاف کیا ہے۔ اسد بھٹی کی نشاندہی پر فزیکل شواہد چیک کیے گئے،تیسری بار چیکنگ پر بھی ٹھوس شواہد ہاتھ نہ لگ سکے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اسد بھٹی کے انکشاف کا سچ ہونے کا انحصار شواہد پر ہے۔ جائے وقوعہ باؤزر عباس لائن سے بلایا گیا تاہم تمام تر کوششوں کے باوجود لاش یا خون کے نمونے نہیں مل سکے۔اسد بھٹی نے یہ بھی انکشاف کیا تھا کہ قتل میں ملوث نہیں ہوں لیکن شواہد ضائع کرنے میں معاونت کی۔پولیس نے اسد بھٹی کے موبائل فون سے 7 فروری کو ہونے والی پارٹی کی تفصیلات بھی حاصل کر لی تھیں۔