10 ملین سونامی پراجیکٹ کے تحت ساڑھے پانچ لاکھ پودوں کی تقسیم کا عمل مکمل ہوچکا ہے

بدھ 19 فروری 2020 11:35

10 ملین سونامی پراجیکٹ کے تحت ساڑھے پانچ لاکھ پودوں کی تقسیم کا عمل مکمل ..
ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 فروری2020ء) محکمہ جنگلات کے کمیونٹی ڈویلپمنٹ آفیسر عبیدالرحمن نے کہا ہے کہ 10 ملین سونامی پراجیکٹ کے تحت ساڑھے پانچ لاکھ پودوں کی تقسیم کا عمل مکمل ہو چکا ہے جن میں سے 16 ہزار پودے آرمی اور سیکورٹی اداروں، 1973 پودے سرکاری اداروں بشمول تعلیمی اداروں، 22920 پودے صنعت کاروں اور غیرسرکاری اداروں اور 546541 پودے کسانوں اور زمینداروں کو دیئے گئے ہیں، ان میں عام پودوں کے علاوہ پھلدار پودے بھی شامل ہیں جبکہ مفت پودوں کی تقسیم کا عمل جاری ہے۔

محکمہ جنگلات باقاعدہ درخواست کے حصول، لوکل سابق بلدیاتی نمائندگان اور متعلقہ بیٹ کے افسر کی تصدیق کے بعد پودے فراہم کرتا ہے تاکہ پودے ضائع نہ ہو سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مفت پودوں کی فراہمی کا مقصد جنگلات کی تعداد میں اضافہ اور ضلع ہری پور کو سرسبز و شاداب بنانا ہے تاکہ ماحولیاتی آلودگی سے نمٹا جاسکے، محکمہ جنگلات ہری پور پودوں کی تقسیم کو شفاف بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہری اپنے ارد گرد اور خالی زمینوں پر زیادہ سے زیادہ پودے لگائیں جس کیلئے محکمہ جنگلات انہیں پودوں کی فراہمی کے ساتھ ٹیکنیکل سپورٹ بھی فراہم کرے گا، صوبائی حکومت کے احکامات اور وزیراعظم عمران خان کے سرسبز پاکستان کے منشور کے تحت محکمہ جنگلات اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لا کر زیادہ سے زیادہ پودے لگا کر ماحول کو خوشگوار بنانے کیلئے عمل پیرا ہیں۔