اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پاکستان کا چار روزہ دورہ مکمل کرکے واپس روانہ

اہل لاہور کی مہمان نوازی کا لطف برسوں نہیں بھلا پاؤں گا، انتونیو گوتریس کا ٹویٹ

بدھ 19 فروری 2020 11:36

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پاکستان کا چار روزہ دورہ مکمل کرکے واپس ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 فروری2020ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس پاکستان کا چار روزہ دورہ مکمل کرکے بدھ کی علی الصبح واپس روانہ ہو گئے۔لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانگی کے بعد اپنے ٹویٹ میں انہوں نے پاکستان کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔ نجی ٹی وی چینل کے مطابق عالمی ادارے کے سربراہ انتونیو گوتریس نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ میں پاکستان کا دورہ مکمل کر کے واپس جا رہا ہوں، اس دورے میں عالمی ثقافتی ورثہ قرار دیے گئے شاہی قلعے اور بادشاہی مسجد کو دیکھا اور دورے کا اختتام لاہور کی وسیع تاریخ اور متحرک ثقاقت سے لطف اندوز ہوتے ہوئے کیا۔

ایک شان دار دورے پر پاکستان کے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ قبل ازیں لاہور ایئر پورٹ پراقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے سیکرٹری جنرل کو رخصت کیا، انتونیو گوتریس نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا، اور دہشت گردی کو شکست دینے پر پاکستان کی کاوشوں کی تعریف کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اہل لاہور کی مہمان نوازی کا لطف برسوں نہیں بھلا پاؤں گا۔

گزشتہ روز سیکرٹری جنرل نے لاہور میں حضوری باغ میں اپنے اعزاز میں وزیر اعلیٰ پنجاب اور گورنر کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں کہا تھا کہ پنجاب ثقافتی حسن سے مالا مال ہے، لاہوریوں کی مہمان نوازی کا لطف برسوں نہیں بھلا پاؤں گا۔ اس موقع پر بلوچی، چولستانی، پنجابی موسیقی اور ثقافتی شو بھی پیش کیا گیا تھا۔انہوں نے اپنے دورہ پاکستان کو شاندار قرار دیتے ہوئے بھرپور پاکستانی ثقافت کی تعریف کی اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کرتار پور راہداری کو امن کے لئے پاکستان کی خواہش کی عملی مثال قرار دیا۔پی آئی او محمد طاہر حسن نے سیکرٹری جنرل کو تصاویر کا البم پیش کیا۔سیکرٹری جنرل نے لاہور میں حکومتی عہدیداران سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے دربارصاحب کرتار پور کا دورہ بھی کیا جہاں انہیں پاکستانی حکومت کی طرف سے سکھ برادری کے لئے فراہم کی گئی سہولیات بارے بریفنگ دی گئی۔

انہوں نے اقوام متحدہ کے امن مشنز کے لئے افرادی قوت کی فراہمی پر پاکستان کی تعریف کی۔انہوں نے عالمی امن مشنز میں شامل پاکستانی سکیورٹی اہلکاروں کی بہادری اور قربانیوں کو بھی سراہا۔ اپنے دورہ پاکستان کے دوران سیکرٹری جنرل نے وزیر اعظم عمران خان اور پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقاتیں کیں اور اسلام آباد میں افغان مہاجرین بارے عالمی کانفرنس میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر بارے اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عملدرآمد کیا جانا چاہیئے۔