”عہد وفا “ پر پابندی کی درخواست لاہور ہائیکورٹ نے مسترد کردی

درخواست ناقابل سماعت قرار، عدالت کی درخواست گزار کو پیمرا سے رجوع کرنے کی ہدایت

Salman Javed Bhatti سلمان جاوید بھٹی بدھ 19 فروری 2020 12:00

”عہد وفا “ پر پابندی کی درخواست لاہور ہائیکورٹ نے مسترد کردی
لاہور (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 19 فروری 2020ء ) ”عہد وفا “ پر پابندی کی درخواست لاہور ہائیکورٹ نے مسترد کردی ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکور ٹ نے ڈرامہ ” عہد وفا“ پر پابندی کے لئے دائر درخواست پر سماعت کی گئی۔ عدالت نے ڈرامے پر پابندی کے لئے دائر درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے دیا۔ عدالت نے درخواست کو مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ پہلے پیمرا سے رجوع کیا جائے، شنوائی نہ ہونے پر عدالت سے رجو ع کیا جا سکتا ہے۔

واضح رہے گزشتہ روز پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے اشتراک سے بننے والے ڈرامہ ”عہد وفا“ پر پابندی لگانے کے لئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست جمع کرائی گئی تھی ۔  درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ڈرامے میں میڈیا اور سیاستدانوں کی کردار کشی کی گئی۔

(جاری ہے)

میڈیا اور سیاستدانوں کی کردار کشی سے بیرون ملک میں منفی تاثر پیدا ہو رہا ہے۔ مطالبہ کیا گیا تھا کہ لاہور ہائیکورٹ ڈرامے کو نشریات روکتے ہوئے پابندی عائد کرے ۔

یاد رہے عہد وفا کی کہانی چار دوستوں پر مشتمل ہے جو مختلف شعبوں سے وابستہ ہیں ، انہیں آرمی افسر، بیوروکریٹ ، صحافی اور سیاست دان کے کردار میں دکھایا گیا ہے۔ یہ بات بھی قابل غور رہے کہ ڈرامہ سیریل’’ عہد وفا‘‘ کی قسط نشر ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین بھی اس پر بحث کرتے نظر آتے ہیں۔ جن میں سے چند مناظر نے شائقین کو جذباتی کر دیا، ڈرامے کے چند مناظر سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ رہے ، جن میں سے ایک احد رضا میر اور عثمان خالد بٹ کی دوبارہ دوستی اور شہریار کا اپنے والدین کو اسسٹنٹ کمشنر بننےکی خوش خبری دینا شامل ہے۔ تاہم واضح رہے کہ  لاہور  ہائیکورٹ  نے  درخواست  ناقابل  سماعت  قرار  دیتے  ہوئے  پیمرا  سے رجوع کرنے کا حکم دے دیا ہے۔