وزیراعظم کا سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاﺅن عوامی ریلیف کے لئے بڑا قدم ہے.فردوس عاشق اعوان

قومی معیشت کو اربوں کا نقصان پہنچانے والے سمگلروں کی سرکوبی کی جارہی ہے. معاون خصوصی برائے اطلاعات

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 19 فروری 2020 12:37

وزیراعظم کا سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاﺅن عوامی ریلیف کے لئے بڑا قدم ہے.فردوس ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔19 فروری۔2020ء) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاﺅن عوامی ریلیف کے لئے بڑا قدم ہے. سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے جاری اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ قومی معیشت کو اربوں کا نقصان پہنچانے والے سمگلروں کی سرکوبی کی جارہی ہے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے پٹرول، ڈیزل اور گیس کی قیمتوں میں کمی کا روڈ میپ تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے، عوام کے دکھوں کا مداوا اور ان کیلئے ریلیف کی فراہمی ہمارا بنیادی نصب العین ہے.

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ناجائز منافع خوری کی حوصلہ شکنی کی جائے گی جس سے عوام کو مناسب قیمت پر اشیاءکی فراہمی یقینی بنانے میں مدد ملے گی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بلوچستان میں بارڈر مارکیٹوں کے قیام کی پیش رفت کو بھی تیز رفتار کرنے کی ہدایات کی گئی ہیں. انہوں نے کہا کہ سمگلنگ کی روک تھام کیلئے وسیع پیمانے پر کارروائی کا فیصلہ وزیراعظم کے قانون پر عمل داری کے پختہ عزم کااظہار ہے انہوں نے کہا کہ یہ ملکی معیشت کو اربوں روپے کے نقصان سے بچانے کیلئے عملی قدم ہے، کھانے پینے کی چیزوں کی سمگلنگ قیمتوں میں اضافے اور عوامی تکالیف بڑھانے کا باعث بنتی ہے.

معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی شفاف معیشت کی دشمن اورعوام کا استحصال ہے جس کی اجازت نہیں دیں گے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف اقدامات اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام لائیں گے، عمران خان نے صوبائی حکومتوں سے گندم کی قیمتوں میں کمی کے لئے تجاویز طلب کی ہیں فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ بجلی اور گیس کے حوالے سے ماضی کی حکومتوں کے فیصلوں کے بوجھ پاکستان کے عوام نے اپنی کندھوں پر اٹھائے.