ٹرمپ کا دورہ احمد آباد‘مودی سرکار نے کچی آبادیوں کے مکینوں کو گھر چھوڑنے کا حکم جاری کردیا

بعض کچی آبادیوں کے اطراف طویل دیوار تعمیر کردی گئی‘امریکی صدر کے لیے ایک بڑی ریلی کا بھی اہتمام کیا جارہا ہے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 19 فروری 2020 12:39

ٹرمپ کا دورہ احمد آباد‘مودی سرکار نے کچی آبادیوں کے مکینوں کو گھر چھوڑنے ..
نئی دہلی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔19 فروری۔2020ء) بھارتی انتظامیہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورے کے پیش نظر کچی آبادی کے رہائشیوں کو بستی چھوڑنے کا نوٹس جاری کردیا جبکہ بعض کچی آبادیوں کے اطراف طویل دیوار تعمیر کردی. امریکی صدر 24 فروری کو بھارت کا دورہ کریں گے احمد آباد کی ضلعی انتظامیہ نے ٹرمپ کی متوقع آمد کی وجہ سے کچی آبادی کو مکینوں کو فوری طور پر جگہ چھوڑ کر چلے جانے کا نوٹس تھما دیا.

خیال رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور امریکی صدر احمد آباد کے موتیرا اسٹیڈیم میں منعقد کیسے ہوا ٹرمپ نامی تقریب میں شرکت کریں گے جبکہ مذکورہ اسٹیڈیم سے متصل وسیع پیمانے پر کچی آبادی ہے.

(جاری ہے)

بستی کے 36 سالہ رہائشی نے بتایا کہ وہ پیشے کے اعتبار سے مزدور ہے اور یومیہ 300 روپے کماتا ہے جبکہ گزشتہ 22 برس سے اسی کچی آبادی میں رہائش پذیر ہے انہوں نے بتایا کہ ایک طرف حکومت غریب لوگوں کے لیے نئے گھر تعمیر کرنے کا دعویٰ کرتی ہے تو دوسری طرف لوگوں کی ان کی رہائشگاہ سے محروم کررہی ہے.

انہوں نے کہا کہ ہم حکومت سے گھر نہیں مانگتے ہمیں تو بس رہنے کے لیے ایک جگہ دے دی جائے خیال رہے کہ گزشتہ برس ستمبر میں امریکی ریاست ہیوسٹن میں ہونے والی”ہاﺅڈی مودی“ نامی ریلی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے شرکت کی تھی ادھر بھارت میں امریکی صدر کے دورے کے موقع پر بھی ”ہاﺅڈی مودی“ کی طرز پر ”کیسے ہو ٹرمپ“ نامی ریلی کا انعقاد کیا جارہا ہے دوسری جانب ریاست گجرات میں کچی آبادی کے اطراف ہزار 312 لمبی اور 7 فٹ اونچی دیوار کھڑی کردی گئی تاکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نظریں کچی آبادی پر نہ پڑے.

اس اقدام پر گجرات کی سرکاری انتظامیہ کو سخت تنقید کا سامنا ہے ایک سینئر سرکاری عہدے دار نے بتایا کہ یہ دیوار سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر بنائی جارہی ہے ناکہ کچی آبادی چھپانے کے لیے تاہم عمارت بنانے والے ٹھیکیدار نے کہا کہ حکومت نہیں چاہتی کہ جب ڈونلڈ ٹرمپ یہاں سے گزریں تو ان کی نظریں کچی آبادی پر پڑے. گجرات میں غیر منظم کارکنوں کے لیے کام کرنے والی ٹریڈ یونین مجدور ادھیکار منچ کی جنرل سیکرٹری مینا جدھاو نے کچی آبادی کے رہائشی کو بے دخلی کے معاملے کو ڈونلڈ ٹرمپ کے احمد آباد کے دورے سے جوڑا ہے.

انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی حکومت نہیں چاہتی ہے کہ دنیا یہ دیکھے کہ گجرات میں غربت موجود ہیں، وہ چاہتے ہیں کہ ٹرمپ اور دیگر صرف بڑی بڑی عمارتیں، سڑکیں دیکھیں تاکہ یہ تاثر ملے کہ یہاں ہر کسی کے پاس بیت الخلا اور مکانات ہیں. انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کچی آبادیوں میں رہنے والے غریب لوگوں کو چھپانا چاہتے ہیں یہی وجہ ہے کہ کچی آباد میں رہائش پذیر خاندانوں کو بے دخلی کے نوٹس بھیجے ہیں سرکاری حکام کے مطابق احمد آباد کے حکام امریکی صدر کے پہلے بھارتی دورے کی تیاریوں کے سلسلے میں ایک کروڑ 20 لاکھ ڈالر خرچ کررہی ہے.