سمگلنگ کے خلاف کریک ڈائون ملکی معیشت کو اربوں روپے کے نقصان سے بچانے کیلئے عملی قدم ہے،

ذخیرہ اندوزی شفاف معیشت کی دشمن اورعوام کا استحصال ہے، بجلی اور گیس کے حوالے سے ماضی کی حکومتوں کے فیصلوں کا بوجھ پاکستان کے عوام نے اپنے کندھوں پر اٹھایا، وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا ٹویٹ

بدھ 19 فروری 2020 13:32

سمگلنگ کے خلاف کریک ڈائون ملکی معیشت کو اربوں روپے کے نقصان سے بچانے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 فروری2020ء) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن عوامی ریلیف کے لئے بڑا قدم ہے، قومی معیشت کو اربوں کا نقصان پہنچانے والے سمگلروں کی سرکوبی کی جارہی ہے، ناجائز منافع خوری کی حوصلہ شکنی کی جائے گی جس سے عوام کو مناسب قیمت پر اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے میں مدد ملے گی، بلوچستان میں بارڈر مارکیٹوں کے قیام کی پیش رفت کی رفتار کو بھی تیز کرنے کی ہدای کی گئی ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بدھ کو اپنے ٹویٹ میں کہا کہ سمگلنگ کی روک تھام کیلئے وسیع پیمانے پر کارروائی کا فیصلہ وزیراعظم کے قانون پر عمل داری کے پختہ عزم کااظہار ہے، یہ ملکی معیشت کو اربوں روپے کے نقصان سے بچانے کیلئے عملی قدم ہے، کھانے پینے کی چیزوں کی سمگلنگ قیمتوں میں اضافے اور عوامی تکالیف بڑھانے کا باعث بنتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی شفاف معیشت کی دشمن اورعوام کا استحصال ہے جس کی اجازت نہیں دیں گے، وزیراعظم عمران خان کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف اقدامات اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام لائیں گے، وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں سے گندم کی قیمتوں میں کمی کے لئے تجاویز طلب کی ہیں، بجلی اور گیس کے حوالے سے ماضی کی حکومتوں کے فیصلوں کا بوجھ پاکستان کے عوام نے اپنی کندھوں پر اٹھایا، وزیراعظم نے پٹرول، ڈیزل اور گیس کی قیمتوں میں کمی کا روڈ میپ تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے دکھوں کا مداوا اور ان کیلئے ریلیف کی فراہمی ہمارا بنیادی نصب العین ہے۔